شریف خاندان کی سزائے قید ہائیکورٹ نے معطل کردی ، رہائی کا امکان

اسلام آباد۔ 19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی فیملی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے صادر کیا گیا فیصلہ یقیناً راحت کا باعث ہوگا، کیونکہ عدالت نے نواز شریف، ان کی دختر، مریم نواز اور داماد محمد صفدر کو بدعنوانی کے معاملات میں دی گئی جیل کی سزا کو معطل کردیا اور ہائی سکیورٹی والی اڈیالا جیل سے ان کی رہائی کا حکم دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کی دو ججس پر مشتمل بینچ نے تینوں ملزمین کی بات سے داخل کردہ درخواست کی سماعت کی جس میں لندن میں عالیشان فلیٹس کی خریداری کے خلاف انہیں مستوجب سزا قرار دینے کے فیصلہ کو چیلنج کیا گیا تھا۔ جسٹس اطہر من اللہ نے فیصلہ پڑھتے ہوئے ملزمین کی سزا کو معطل کردیا جو احتسابی عدالت کے جج محمد بشیر کی جانب سے 6 جولائی کو سنائی گئی تھی۔ یاد رہے کہ نواز شریف، مریم نواز اور محمد صفدر کو بالترتیب 11 سال، 8 سال اور ایک سال کی سزائے قید سنائی گئی تھی۔