جماعت اسلامی کاروان کا اجتماع ، مولانا احمد عبدالعظیم کا درس قرآن پاک
حیدرآباد ۔ /11 مئی (پریس نوٹ) جماعت اسلامی کاروان کے ہفتہ وار مرکزی اجتماع سے مولانا احمد عبدالعظیم نے سورہ الرعد کی آیات 19-25 کا درس دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ان آیات کی روشنی میں اگر ہم اپنا جائزہ لے کر دیکھیں تو حقیقت حال سامنے آئے گی کہ ہم بحیثیت امت مسلمہ کس مقام پر کھڑے ہیں ؟ ہمارے اعمال اور کفار و مشرکین کے اعمال سے تقابل کیجئے اور فرق محسوس کیجئے ۔ حق تو یہ ہے کہ اپنے آپ کو قرآن و سنت کے مطابق زندگی گزارنے کا تہیہ کرلیجئے ۔ ہر مومن جانتا ہے کہ قیامت کے دن یوم حساب ، ساری مخلوق کو فرداً فرداً اللہ کے سامنے حاضر ہونا ہے جہاں انہیں اپنے تمام اعمال کا حساب دینا ہوگا ۔ ہم نے لا الہ الا اللہ محمد الرسول اللہ کا اقرار کرکے اللہ سے عہد و پیمان کیا ہے کہ ہماری زندگی کا ایک ایک لمحہ قرآن و سنت کے مطابق ہوگا ۔ جب عمل اس کے برخلاف ہوگا تو تصور کیجئے کہ ہم اللہ تعالیٰ کے حضور کس حالت میں پیش ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ صالح مومن بندے قرابت داروں کے ساتھ صلہ رحمی کا معاملہ کرتے ہیں ۔ اپنے پرائے غریبوں ، محتاجوں اور مصیبت زدہ بندوں کی مدد کرنے میں پیش پیش رہتے ہیں ۔ رب کا خوف دل میں رکھتے ہوئے نیکیاں کرتے ہیں ، گناہوں سے بچنے کی جستجو کرتے ہیں اور اگر گناہ کا ارتکاب ہوجائے تو فوراً استغفار کرتے ہیں ۔ آخرت میں حساب سے خوف زدہ رہتے ہیں ۔ ایسے نیک لوگ ، برے سلوک کو احسان سے ، برائی کو بھلائی سے اور دشمنی کو دوستی سے ٹالنے کی جستجو کرتے ہیں ۔ دین کے راستے میں مشکلات ہر زمانے میں آتی رہی ہیں اور قیامت تک آتی رہیں گی ، اسی سے بندوں کی آزمائش کی جاتی ہے ۔ لیکن یاد رکھئے کامیابی انہیں مشکل راستوں سے ہوکر حاصل ہوتی ہے ۔ امت مسلمہ کی موجودہ مشکلات دراصل اللہ تعالیٰ کی نافرمانی ، قرآن اور اس کے احکامات سے دانستہ دوری اور شریعت کی خلاف ورزی کا نتیجہ ہیں ۔ ہمیں ان نافرمانیوں سے مکمل اجتناب کرتے ہوئے شریعت کے مطابق پاک صاف زندگی گزارنے کی ضرورت ہے ۔ جناب عبدالرؤف نے بعنوان ’’اقامت دین ایک فریضہ ‘‘ تقریر کی ۔ جناب عمر علی نے اجتماع کی نظامت کی ۔ تنویر الحق امیر مقامی جماعت اسلامی کاروان کی زیرنگرانی اس اجتماع کا اختتام دعاء پر ہوا ۔