شرڈی سائی بابا کے درشن سے واپسی کے دوران سڑک حادثہ

جگتیال ۔ 28 ۔ جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شرڈی سائی بابا کے درشن کے بعد واپسی کے دوران ڈرائیور نیند کے غلبہ میں گاڑی درخت کو ماردینے سے ایک ہی خاندان کے چار افراد دادا ، دادی اور بہو ، پوتری ہلاک ہوگئے جبکہ مزید تین افراد کو تشویشناک حالت میں علاج کیلئے کریم نگر ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ تفصیلات کے بموجب ضلع ورنگل کے موضع بھوپال پور سے تعلق رکھنے والے ویریا اپنے 15 افراد خاندان کے ہمراہ مہیندرا زیلو گاڑی میں شرڈی سائی بابا مندر کے درشن کیلئے گئے، درشن کے بعد گزشتہ روز واپسی کیلئے روانہ ہوئے۔ ویریا کے لڑکے سریش نے ڈرائیور کو ہٹاکر خود گاڑی چلا رہے تھے ، کورٹلہ اور جگتیال کے درمیان میڈ پلی علاقہ پر قومی شاہراہ نمبر 16 پر سریش نے نیند کے غلبہ میں صبح 7 بجے کے وقت سڑک کے کنارے واقع درخت سے تیز رفتار گاڑی کو ٹکر دیدی جس کے نتیجہ میں گاڑی میں سوار افراد اچھل کر گرگئے ۔ حادثہ کے مقام پردلخراش منظر تھا۔

سریش کے والد ویریا 60 سال اور والدہ سروجہ 50 سال برسر موقع ہلاک ہوگئے جبکہ سریش کی اہلیہ انوشا 30 سال اور بیٹی نشیتا عمر 18 مہینے ہاسپٹل منتقل کرنے کے دوران ہلاک ہوگئے ۔ تمام زخمیوں کو 108 ایمبولنس کے ذریعہ ایریا ہاسپٹل جگتیال کو منتقل کیا گیا جس میں تین افراد کی حالت نازک بتائی گئی ہے ۔ انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد کریم نگر ایریا ہاسپٹل علاج کیلئے منتقل کیا گیا ہے ۔ اطلاع ملتے ہی جگتیال ٹریفک ایس آئی لکشمی نارائنا اور میڈ پلی پولیس نے مقام حادثہ پہنچ کر زخمیوں کو ہاسپٹل روانہ کرتے ہوئے ایک مقدمہ رجسٹر کرتے ہوئے بعد پنچنامہ نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ایریا ہاسپٹل جگتیال منتقل کیا ۔ جگتیال ڈی ایس پی پرمیشور ریڈی اور پروبیشنل ڈی ایس پی راجیش اور کورٹلہ سرکل انسپکٹر مہیش گوڈ نے ایریا ہاسپٹل پہنچ کر زخمیوں کے علاج کیلئے کریم نگر روانہ کئے اور چند افراد کو معمولی زخم آئے ہیں۔ اس گاڑی میں ایک ہی گھر کے 8 افراد اور باقی دیگر رشتہ دار موجود تھے۔