شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کامطالبہ

محبوب نگر کے مسلمانوں کے وفد کی ضلع ایس پی ڈی ناگیندر کمار سے نمائندگی

محبوب نگر /28 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محمد عبد الہادی ایڈوکیٹ و کونسلر نے مسلمانان محبوب نگر کے ایک وفد کی قیادت کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس محبوب نگر ڈی ناگیندر کمار سے ملاقات کرکے اوٹکور منڈل مستقر پر 24 اور 25 ستمبر کی درمیانی شب ایک نابالغ مسلم لڑکے کے گھر میں گھس کر عصمت ریزی کے بعد پولیس کے جانبدارانہ اور متعصبانہ رویہ کی شکایت کی۔ انھوں نے بتایا کہ لڑکی اس گھناؤنے واقعہ کے بعد شرمندگی برداشت نہ کرسکی اور زہریلی دوا استعمال کرتے ہوئے اس نے خودکشی کی کوشش کی۔ سرکاری دوا خانہ میں پولیس اوٹکور کے روبرو تحریری بیان میں خاطیوں کی نشاندہی کے باوجود سیاسی دباؤ قبول کرتے ہوئے خاطیوں کے خلاف نربھے ایکٹ کی دفعات لگانے سے گریز کئے جانے سے واقف کروایا۔ انھوں نے مزید کہا کہ اوٹکور پولیس کی تساہلی کی وجہ سے خاطی شرپسندوں کی جانب سے مسلمانوں کو ہراساں اور تنگ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سے قبل بھی یہاں مسلمانوں کی املاک کو نذر آتش کرنے کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں۔ مساجد کی بے حرمتی اور مسلمانوں کی دل آزاری وقفہ وقفہ سے کی جا رہی ہے۔ سخت اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے شرپسندوں کے حوصلے بلند ہوچکے ہیں اور اب راتوں میں دلیری کے ساتھ مسلمانوں کے گھروں میں گھس کر عزت لوٹنے کا واقعہ بھی پیش آچکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بعد نماز جمعہ مسلمانوں کے احتجاج کے بعد تماشہ کرتے ہوئے لڑکی کو کبھی نارائن پیٹ کے سرکاری دوا خانہ اور پولیس اسٹیشن بیان دینے کے لئے مجبور کیا گیا، تاکہ وہ عصمت ریزی واقعہ سے انکار کردے اور صرف چھیڑ چھاڑ تک ہی بیان درج کرائے۔ عبد الہادی ایڈوکیٹ نے ایس پی سے کہا کہ اب اس علاقہ کے مسلمان حالات سے عاجز ہو چکے ہیں، جس کی اہم وجہ پولیس کا رویہ ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ کی ایک قابل، غیر جانبدار اور اصول پسند پولیس عہدہ دار کے ذریعہ انکوائری کروائی جائے۔ خاطیوں کے ساتھ ساتھ اس بھیانک جرم میں ان کی ہمت افزائی کرنے والے افراد کے خلاف بھی نربھے ایکٹ کے تحت مقدمات درج کروائے جائیں اور متاثرہ لڑکی کا بیان کسی خاتون مجسٹریٹ کے اجلاس پر دفعہ 16A کے تحت درج کیا جائے۔ ایس پی نے تمام حالات کی سماعت کے بعد وفد کو تیقن دیا کہ متاثرہ لڑکی کے ساتھ مکمل انصاف کا معاملہ کیا جائے گا اور امن و امان کی فضاء کو بہرصورت برقرار رکھا جائے گا۔ وفد نے سرکاری دوا خانہ کے سپرنٹنڈنٹ سیموئیل اور آر ایم اے رام بابو سے بھی ملاقات کی اور متاثرہ لڑکی کے غیر جانبدارانہ چیک اپ کا مطالبہ کیا اور پولیس اور اشرار کے دباؤ میں آئے بغیر حقائق پر مبنی رپورٹ پیش کرنے کی اپیل کی۔ وفد میں محمد عبد الرشید مشتاق کونسلر بلدیہ، مقصود بن احمد ذاکر صدر ضلع یوتھ مجلس، سید سعادت اللہ حسینی نمائندہ کونسلر، محمد عبد المعبود اور محمد عبد الحفیظ شامل تھے۔