شرعی قوانین کی حمایت میں خواتین کی دستخطی مہم

گلبر گہ ۔ 27 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی اپیل پر گلبرگہ کی مختلف ملی تنظیموں نے قانون شریعت کی حمایت میں خواتین کی دستخطی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔انڈین یونین مسلم لیگ ، کل ہند مجلس تعمیر ملت ، آل انڈیا ملی کونسل ،حیدرآباد کرناٹک مسلم ڈیولپمنٹ فورم ،سٹی زن ویلفیر سوسائٹی ،حیدرآباد کرناٹک مسلم فورم یہ مہم چلائیں گی۔ ان ملی تنظیموں کے عہدیداران و ذمہ داران کا قائد ملت ہال متصل مرکزی دفتر انڈین یونین مسلم لیگ نیا محلہ گلبرگہ میں مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی اپیل کے تحت گلبر گہ شہر اور ضلع میں مسلم پرسنل لاء پر مکمل اعتماد کااظہار کرنے اور قانون شریعت کے ناقابل تبدیل ہونے کا اعلان کرنے کے لئے خواتین میں دستخطی مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ مولانا محمد نوح ضلعی صدر مسلم لیگ ، عزیز اللہ سرمست مرکزی رکن عاملہ کل ہند مجلس تعمیر ملت ،مولانا محمد غوث الدین قاسمی ،مولانا جاوید عالم علیگ ،مولانامحمد شفیق احمد قاسمی آل انڈیا ملی کونسل ضلع گلبرگہ ،محمد معراج الدین کنونیر حیدرآباد کرناٹک مسلم ڈیولپمنٹ فورم ،سید توفیق احمد دیسائی ،محمد احمد علی قریشی ،مقبول سگری سٹی زن ویلفیر سوسائٹی ،حاجی محمد اسلم سابق چیرمین ضلع وقف مشاورتی کمیٹی گلبرگہ ،حاجی عبد السلام رنگریز ضلعی خازن مسلم لیگ اور سید امیر شاہ درویش کمیٹی نے اجلاس میں شرکت کی۔