شرد یادو کی راجیہ سبھا سے نااہلی غیرقانونی : کجریوال

نئی دہلی۔ 6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے آج جنتا دل کے باغی لیڈر شرد یادو کو راجیہ سبھا سے نااہل قرار دیئے جانے کو مکمل طور پر غیرقانونی قرار دیا ہے اور اسے ایک سیاسی بغض و حسد پر مبنی اقدام قرار دیا۔ کجریوال نے کہا کہ اس اقدام کو فوری طور پر واپس لیا جانا چاہئے۔ ان کے مطابق شرد یادو کو نااہل قرار دیا جانا نہ صرف غیرقانونی ہے بلکہ غیردستوری بھی ہے اور یہ ایک مکمل طور پر سیاسی انتقام پر مبنی قدم ہے۔ واضح رہے کہ جنتادل کے باغی لیڈر اور علی انور کو پیر کی شب راجیہ سبھا سے نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔ راجیہ سبھا کے صدرنشین وینکیا نائیڈو نے مذکورہ دونوں قائدین کو جنتا دل (یو) کے اس مطالبہ کوقبول کرتے ہوئے کہ مذکورہ دونوں قائدین نے صرف یہ کہ پارٹی کی بنیادی ہدایتوں کو نظرانداز کیا ہے بلکہ اپوزیشن جماعتوں کی سرگرمیوں میں شرکت کرتے ہوئے پارٹی کے بنیادی اُصولوں کی خلاف ورزی کی ہے لہذا انہیں راجیہ سبھا کی رکنیت کیلئے نااہل قرار دے دیا جائے۔ شرد یادو کو راجیہ سبھا سے نااہل قرار دیئے جانے کو مکمل طورپر غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دیتے ہوئے دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے آج کہا کہ یہ ایک سیاسی عداوت ہے۔مسٹر کجریوال نے ٹوئٹر پر کہا:’’شرد یادو جی کو راجیہ سبھا سے نااہل ٹھہرایا جانا مکمل طور پر غیر قانونی اور غیر آئینی ہے ۔ ہم اس کی سخت مذمت کرتے ہیں اور اسے واپس لیے جانے کا مطالبہ کرتے ہیں”۔ قابل ذکر ہے کہ باغی جنتا دل (یونائٹیڈ) قائدین شرد یادو اور علی انور کو جنتادل (یو) لیڈر اور راجیہ سبھا میں پارٹی کے لیڈر آر سی پی سنگھ کی اپیل پر 4 دسمبر کو راجیہ سبھا سے نااہل قراردیا گیا تھا۔