شرد پوار نے سونیا گاندھی و راہول کی تعریف کی، مودی پر تنقید

ممبئی ، 25 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سربراہ این سی پی شرد پوار نے آج کانگریس لیڈر سونیا گاندھی، اُن کے فرزند اور صدر پارٹی راہول گاندھی کی ستائش میں کہا کہ عوام کو ’’ان پر فخر‘‘ ہونا چاہئے کیونکہ وہ آنجہانی وزرائے اعظم اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کے قتل کے باوجود غریبوں کی بدستور خدمت کررہے ہیں۔ پوار نے وزیراعظم نریندر مودی کو ملک کی بربادی کیلئے گاندھی فیملی کو مورد الزام ٹھہرانے پر ہدف تنقید بنایا اور الزام عائد کیا کہ جب گجرات میں بے قصور افراد ہلاک کئے جارہے تھے تب انھوں نے چیف اُس ریاست کے چیف منسٹر کی حیثیت سے اپنی میعاد کے دوران کچھ بھی نہیں کیا۔ سابق مرکزی وزیر جو ضلع ستارا کے ایک ایونٹ میں تقریر کررہے تھے، کوئی مخصوص واقعہ کا ذکر نہیں کیا، لیکن وہ ظاہر طور پر گجرات کے 2002ء فسادات کا حوالہ دے رہے تھے۔ برسراقتدار بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے پوار نے الزام عائد کیا کہ زعفرانی پارٹی برادریوں کو ایک دوسرے کے خلاف اُکسا رہی ہے کیونکہ اُس نے عوام سے وعدے تو کردیئے لیکن ڈیولپمنٹ کیلئے کچھ نہیں کیا۔