شرد پوار صدر این سی پی برقرار، اجیت پوار غیرحاضر

پٹنہ ، 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) طاقتور مراٹھا لیڈر شرد پوار کو آج متفقہ طور پر صدر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کی حیثیت سے پھر ایک بار منتخب کرلیا گیا، جس عہدہ پر وہ کانگریس کے ساتھ راہیں علیحدہ کرلینے کے بعد 1999ء میں یہ پارٹی تشکیل دینے کے بعد سے فائز ہیں۔ 74 سالہ پوار کے دوبارہ انتخاب کا اعلان این سی پی جنرل سکریٹری ٹی پی پیتامبھر ماسٹر نے پارٹی کے چھٹے نیشنل کنونشن میں کیا، جہاں پوار کے بھتیجہ اور این سی پی لیجسلیچر پارٹی لیڈر اجیت پوار کی غیرحاضری مشکوک رہی۔ اجیت پوار کی غیرحاضری سے متعلق سوال پر اعلیٰ پارٹی قائدین نے کہا کہ وہ لاعلم ہیں کہ کیوں وہ اس کنونشن میں حصہ نہیں لے رہے ہیں۔ ماسٹر نے کہا کہ شرد پوار کو بلامقابلہ منتخب کرلیا گیا کیونکہ اس عہدہ کیلئے کوئی دیگر نام موصول نہیں ہوا۔ یہ میٹنگ پارٹی کی تاسیس کے 16 ویں سال کی تکمیل کے موقع پر منعقد ہورہی ہے۔ شردپوار جو تین مرتبہ مہاراشٹرا کے چیف منسٹر رہے، 1999ء میں طارق انور اور پی اے سنگما کو ساتھ لے کرسونیا گاندھی کے بیرونی نژاد مسئلہ پر کانگریس سے علیحدہ ہوگئے تھے۔ اس موقع پر خطاب میں پوار نے سابق ڈپٹی چیف منسٹر مہاراشٹرا آر آر پاٹل اور سابق رکن راجیہ سبھا گوئند راؤ اڈک کو خراج عقیدت پیش کیا، جو حال میں انتقال کرگئے۔ اس کنونشن میں ملک کے مختلف حصوں سے لگ بھگ 700 مندوبین شرکت کررہے ہیں۔پوار سابق مرکزی وزیر بھی ہیں، اور انھوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کا مقصد نوجوانوں، خواتین، اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کے مفادات کا تحفظ اور ان کیلئے جدوجہد کرنا ہے۔