کولہاپو 2فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) شردپوار نے آج کہا کہ گجرات فسادات میں چیف منسٹر نریندر مودی کے رول پر عدالتوں کی رولنگ موجود ہے ‘ اب اس پر بحث کی ضرورت نہیں ۔ ان کی پارٹی کے لیڈر پرافل پٹیل نے بھی اسی طرح کے ریمارکس کئے تھے ۔ اس سے ظاہر ہورہا تھا کہ این سی پی اب بی جے پی وزارت عظمی کے امیدوار کیلئے نرم گوشہ رکھتی ہے‘ تاہم پارٹی نے زور دیا کہ اس کے بنیادی نظریات ہیں ۔مودی سے پارٹی کو اختلاف رائے ہے لہذا بی جے پی کے ساتھ اتحاد کا امکان نہیں ۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے این سی پی کے صدر نے کہا کہ جب عدالتوں نے اپنا سنایا ہے تو اس مسئلہ پر بحث کرنا فضول ہے ۔ہم عدالت کے احکام کو قبول کرتے ہیں تو اس پر بحث کیوں کی جائے ۔ شرد پوار سے ان کے ساتھی پرافل پٹیل کے حالیہ بیان کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ملک کا عدالتی نظام فیصلہ کا اختیار رکھتاہے ۔ اس سے قبل مراٹھی اخبار نے اطلاع دی تھی کہ شردپوار نے مودی سے خفیہ ملاقات کی ہے ‘ تاہم بعد ازاں شردپوار نے اس رپورٹ کو مسترد کردیا تھا ۔