شردیادو کی کانگریس قائدین سے ملاقات

بہار میں حکومت تشکیل دینے میں تائید کرنے کا تیقن
نئی دہلی۔ 18؍مئی (سیاست ڈاٹ کام)۔ جنتادل یو سربراہ شرد یادو نے آج کانگریس قیادت سے بات چیت کی جس سے سمجھا جاتا ہے کہ بہار میں حکومت تشکیل دینے کیلئے تائید کا تیقن دیا ہے۔ چیف منسٹر کی حیثیت سے نتیش کمار کے استعفی کے بعد بہار میں نئی حکومت تشکیل دی جارہی ہے۔ 243 رکنی اسمبلی میں جنتادل یو کے 115 ارکان اور کانگریس کے چار ارکان ہیں۔ کانگریس نے نتیش کمار حکومت کی تائید کی ہے۔جنتادل یو کے ذرائع نے کہا کہ کانگریس قائدین نے اپنی تائید برقرار رکھنے کا وعدہ کیا۔

جنتادل یو لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں نتیش کمار کی جگہ نیا لیڈر منتخب کیا جائے گا۔ نتیش کمار نے لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کا بدترین مظاہرہ پر استعفیٰ دیا ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری شکیل احمد جو بہار سے تعلق رکھنے والے سینئر لیڈر ہیں کہا کہ کانگریس باہر سے جنتادل یو کی حمایت کررہی ہے اور اس کو واپس لینے کا کوئی وجہ نہیں ہے۔ فرقہ پرستوں کو اقتدار سے دور رکھنے ہم نے نتیش کمار حکومت کی تائید کی تھی ‘ میں سمجھتا ہوں کہ اب تائید واپس لینے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ بہار اسمبلی میں بی جے پی کے 89ارکان ہیں ‘ آر جے ڈی 21ارکان رکھتی ہے مگر اس نے تائید سے انکار کردیا ہے۔ جنتادل یو کو سی پی آئی کے ایک اور دو آزاد ارکان کی بھی حمایت حاصل ہے۔ ایوان میں 6نشستیں خالی ہیں۔