شردھا اسکام :ترنمول کانگریس ارکان کا واک آؤٹ

نئی دہلی۔ 16 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ترنمول کانگریس ارکان نے اپنے موقف پر اٹل رہتے ہوئے آج بھی حکومت پر شردھا اسکام میں سی بی آئی کے بیجا استعمال کا الزام لگایا اور لوک سبھا سے دو مرتبہ واک آؤٹ کیا۔ حکومت نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر بحث کیلئے تیار ہے۔ ٹی ایم سی لیڈر سوگتا رائے نے وقفہ صفر کے دوران یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے الزام عائد کیا کہ تحقیقاتی ایجنسی کو مغربی بنگال حکومت کو کمزور کرنے سیاسی مقصد براری کیلئے استعمال کیا جارہا ہے ۔ان کے اس ریمارک پر حکمراں جماعت کے کئی ارکان بطور احتجاج اُٹھ کھڑے ہوئے اور اسپیکر سمترا مہاجن نے دوسرے رکن کو بات کرنے کی اجازت دی۔ انہوں نے سوگتا رائے کو بات کرنے کی اجازت دینے سے پہلے یہ واضح کردیا تھا کہ وہ کوئی الزام عائد نہیں کریں گے لیکن انہوں نے یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے حکومت کو وفاقی ڈھانچہ کو کمزور بنانے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گیارنٹی پروگرام کے فنڈس بھی روکے جارہے ہیں۔ انہوں نے بات کرنے کی اجازت نہ دینے پر برہمی کا اظہار کیا اور دیگر ارکان کے ساتھ نعرے بازی کرتے ہوئے بطور احتجاج ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔ قبل ازیں سوگتا رائے نے وزیر فروغ انسانی وسائل پر ایوان کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا جس میں کہا گیا ہے کہ کرسمس کے دن اسکولس کو تقریری، تحریری اور دیگر مقابلے منعقد کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کوئی سرکاری سرکیولر جاری نہیں کیا گیا۔ انہوں نے اسپیکر سے مطالبہ کیا کہ وہ وزیر فروغ انسانی وسائل کو اپنا بیان درست کرنے کی ہدایت دیں۔ اس پر سمترا مہاجن نے کہا کہ انہوں نے وزیر کو حقائق پر مبنی رپورٹ پیش کرنے کیلئے کہا ہے۔