شردپوار،مجید میمن،حسین دلوائی کا بلا مقابلہ انتخاب یقینی

نئی دہلی ۔ 28 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر شرد پوار، کانگریس لیڈر مرلی دیورا، آر پی آئی کے رام داس اٹاولے اور بی جے پی کے وجئے گوئل کے بشمول مختلف ریاستوں سے 21 دیگر امیدواروں کا راجیہ سبھا کیلئے بلا مقابلہ انتخاب یقینی ہے۔ آج اس دوڑ میں ڈگ وجئے سنگھ اور کماری شلیجا بھی شامل ہوگئے ہیں۔ 16 ریاستوں میں 55 امیدواروں کے منجملہ کم از کم 25 امیدواروں کی کل جانچ پڑتال کے بعد کامیابی یقینی ہوچکی ہے کیونکہ وہ تنہا اس مقابلہ میں شریک ہیں۔ دیگر امیدوار جن کا بلا مقابلہ انتخاب یقینی ہے،

ان میں مجید میمن (این سی پی) ، حسین دلوائی (کانگریس) ، راج کمار دھوت (شیوسینا) بھی شامل ہیں۔ راجیہ سبھا کیلئے پرچہ نامزدگی کے ادخال کی تاریخ جیسے جیسے قریب ہورہی ہے، امیدوار بھی اتنی ہی سرگرمی سے پرچہ نامزدگی داخل کر رہے تھے۔ چنانچہ آئی پی ایل صدرنشین رنجیب بسواس اور مجسمہ ساز رگھوناتھ مہا پترا نے بھی آج پرچہ نامزدگی داخل کی ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے دس سال سے خود ساختہ انتخابی سیاست سے جلا وطنی کے بعد آج مدھیہ پردیش سے پرچہ نامزدگی داخل کی۔