ممبئی 27 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا کے چھٹے شطرنج گرانڈ ماسٹر شردل گگارے اور اسٹیپل چیس کی ماہر للیتا ببر کو اسپورٹس جرنلسٹس اسوسی ایشن آف ممبئی ( ایس جے اے ایم ) گولڈن جوبلی سالانہ ایوارڈز 2016 کیلئے منتخب کیا گیا ہے ۔ للیتا ببر نے ریو اولمپکس میں دسواں مقام حاصل کیا تھا ۔ احمد نگر کے مقیم گگارے کو اسپورٹس مین آف دی ائیر کا ایوارڈ ملے گا جبکہ ستارا کی للیتا ببر کو اسپورٹس وومن آف دی ائیر ایوارڈ دیا جائیگا ۔ اسوسی ایشن کے ایک پریس نوٹ میں یہ بات بتائی گئی ۔ ایوارڈز کی تقریب 3 ستمبر کو منعقد ہوگی جس میں سابق ہندوستانی فاسٹ بولر ظہیر خان مہمان خصوصی ہونگے اور ٹرافیاں و اسنادات پیش کرینگے ۔ ممبئی اور ہندوستان کے مڈل آرڈر بلے باز اجنکیا رہانے کو انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ائیر ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے ۔ ایس جے اے ایم کے ایک اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ روہت شرما کو ایک خصوصی ایوارڈ دیا جائیگا ۔ اے ایوارڈ 2014 میں کولکتہ میں ونڈے انٹرنیشنل کا اعظم ترین اسکور کرنے پر دیا جا رہا ہے ۔ اس کے علاوہ شردل ٹھاکر اور شریاس ائیر کو رانجی ٹرافی کرکٹر آف دی ائیر کا ایوارڈ دیا جائیگا ۔ ممبئی کرکٹ اسوسی ایشن کو ٹیم آف دی ائیر ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے ۔ ممبئی نے فائنل میں سوراشٹر کو شکست دیتے ہوئے 41 ویں مرتبہ رانجی ٹرافی کا خطاب جیتا تھا ۔ اسٹار اسپورٹس ‘ آئی ڈی بی آئی فیڈرل لائیف انشورنس ‘ انڈین آئیل اور پیاڈا اسپورٹس کلب ان ایوارڈز کے معاون ہیں۔