کراچی ۔30 مئی (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان سوپر لیگ(پی ایس ایل) کے اسپاٹ فکسنگ مقدمہ میں سابق کپتان محمد یوسف نے شرجیل خان کے حق میں گواہی دیتے ہوئے کہا ہے کہ شرجیل نے جان بوجھ کر ڈاٹ بالز نہیں کھیلیں۔مقدمے کی سماعت کے دوران سابق کپتان محمد یوسف نے شرجیل خان کے گواہ کے طور پر تین رکنی ٹریبونل کے سامنے پیش ہو کر ان کے حق میں گواہی دی۔محمد یوسف نے کہا ہے کہ شرجیل خان کی دونوں گیندوں کو دیکھ کر نہیں لگتا کہ یہ جان بوجھ کر ڈاٹ کھیلی گئیں اور اس میں فکسنگ کا کوئی امکان نظر نہیں آیا، اگر پی سی بی کے پاس ثبوت ہیں تو سامنے لائے جانے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ بورڈ جہاں بھی کہے گا وہ گواہی دینے کیلئے تیار ہیں اور اگر شرجیل کی جانب سے کھیلی گئی گیند گیپ میں جاتی تو ڈاٹ نہ ہوتی۔شرجیل خان پر الزام ہے کہ انہوں نے پاکستان سوپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے پشاور زلمی کے خلاف جان بوجھ کر ڈاٹ گیندیں کھیلیں۔شرجیل خان نے اس میچ میں چار گیندوں پر ایک رن بنایا تھا اور ان میں سے دو گیندیں انہوں نے ڈاٹ کھیلی تھیں اور اور اگر شرجیل پر اسپاٹ فکسنگ کا الزام ثابت ہو جاتا ہے کہ تو ان پر پانچ سال سے تاحیات پابندی کی سزا کا امکان ہے۔