شرجیل پر 5 سالہ یا تاحیات پابندی‘آج فیصلہ ہوگا

 

لاہور۔29 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) اسپاٹ فکسنگ مقدمہ میں معطل کرکٹر شرجیل خان کا فیصلہ کل سنایا جائے گا۔ شرجیل خان نے 29 جولائی کو حتمی تحریری دلائل جمع کروائے تھے۔ انہیں5 سال معطلی کے علاوہ 20لاکھ روپے جرمانہ تک کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی کے مطابق شرجیل خان پر 5 شقوں کی خلاف ورزی کا الزام تھا۔ 29 جولائی کو شرجیل خان کی جانب سے حتمی تحریری دلائل جمع کروائے گئے تھے جس کے بعد اب ٹربیونل نے آگاہ کیا ہے کہ فیصلہ 30 اگست کو سنایا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹربیونل میں شرجیل خان کے خلاف الزامات ثابت ہونے پر تاحیات پابندی کی سفارش کررکھی ہے۔ ٹربیونل کے سربراہ جسٹس (ر) اصغر حیدر ہیں۔ سابق چیئرمین پی سی بی توقیر ضیاء اور سابق وکٹ کیپر وسیم باری ٹربیونل میں شامل ہیں۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل 2017 کی ابتدا ء میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل سامنے آنے کے بعد کرکٹر کو وطن واپس بھجوا دیا گیا تھا۔ 18 فروری کو ان کے خلاف چارج شیٹ جاری کی گئی تھی جس کے بعد اینٹی کرپشن ٹریبونل نے باقاعدہ کارروائی کا آغاز کیا تھا۔

مارکو کے 2 گول‘ریئل میڈرڈ شکست سے محفوظ
میڈرڈ۔29 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )پابندی کا شکار کرسٹیانو رونالڈو کی عدم موجودگی اور گیر تھ بیل کے ناکام ہونے کے بعد مارکو اسنسیو نے ریئل میڈرڈ کو شکست کی خفت سے بچالیا۔ویلینسیا کے خلاف میچ 2۔2 گول سے برابر رہا۔ اس میچ کے آغاز سے قبل ریئل میڈرڈ کو باضابطہ طور پرگزشتہ لا لیگا سیزن کی ٹرافی بھی پیش کی گئی تھی جو اس نے 21 مئی کو جیتی تھی۔ اس صورتحال میں ویلنسیا نے دفاعی چمپین ٹیم کیلئے شرمندگی کا پورا سامان کردیا تھا تاہم مارکو ٹیم کی مدد کو پہنچے اور مقابلہ برابر کرنے میں کامیاب رہے۔ نئے سیزن کے اس دوسرے میچ کے دوران ریئل میڈرڈ کے دونوں گول مارکو نے کئے ۔