شرجیل خان کا لیسٹرشائر سے معاہدہ

لندن ، 7 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) انگلش کاؤنٹی لیسٹر شائر نے نیٹ ویسٹ بلاسٹ 2017ء کے سیزن کیلئے پاکستانی اوپنر شرجیل خان سے معاہدے کا اعلان کردیا ہے۔ ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کیلئے انگلینڈ میں موجود شرجیل نے حال ہی میں آئرلینڈ کے خلاف میچ میں 62 گیندوں پر سنچری بنانے کے ساتھ ساتھ انگلینڈ کے خلاف بھی ٹرنٹ برج پر 30 گیندوں پر 58 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ لیسٹرشائر نے اعلان کیا تھا کہ سابق آسٹریلین کرکٹر کلنٹ میکائی اُن کے دوسرے غیرملکی کھلاڑی ہوں گے۔ اس سیزن میں لیسٹر نے بدترین کارکردگی دکھائی اور آٹھ شکستوں اور چار فتوحات کے ساتھ وہ نارتھ گروپ میں سب سے نیچے رہے۔ تاہم بہترین کارکردگی کیلئے پرعزم لیسٹر کو امید ہے کہ شرجیل انہیں آئندہ مکمل سیزن کیلئے دستیاب ہوں گے۔ لیسٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ دیگر کاؤنٹیز بھی شرجیل جیسی قابلیت کے حامل کھلاڑی کی خدمات حاصل کرنے کی متمنی تھیں لیکن ہم 2017ء سیزن کیلئے اُن کی خدمات حاصل کرنے پر بہت خوش ہیں۔ شرجیل نے اس موقع پر کہا کہ ’’کاؤنٹی کرکٹ کھیلنا ہمیشہ سے ہی میرا مقصد رہا ہے اور میں یہ موقع فراہم کرنے پر لیسٹر شائر کا بہت مشکور ہوں‘‘۔ اس سے قبل شاہد آفریدی، عبدالرزاق اور عمر اکمل جیسے کھلاڑی بھی لیسٹر شائر کی نمانئدگی کر چکے ہیں اور شرجیل نے کہا کہ وہ اُن کے نقش قدم پر چلنے پر بہت خوش ہیں۔