حیدرآباد۔ 6 ستمبر (سیاست نیوز) جیڈی میٹلہ پولیس نے ایک شراب کی دکان کے مالک سے جبراً وصولی کے الزام میں تین افراد بشمول دو رپورٹرس کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 45 سالہ بی کمارا سوامی جو جیڈی میٹلہ علاقہ میں بیلٹ شاپ (شراب کی دکان) چلاتا ہے، جہاں پر 3 افراد خود کو سائبرآباد کے اسپیشل آپریشن ٹیم پولیس (ایس او ٹی) عملہ ظاہر کرتے ہوئے نقد رقم کا مطالبہ کیا اور نہ دینے پر اسے جیل بھیجنے کی دھمکی دی۔ کمارا سوامی مذکورہ افراد کو 1300 روپئے حوالے کئے لیکن تینوں کے حلیہ پر شبہ ظاہر کرتے ہوئے اس نے جیڈی میٹلہ پولیس میں جبراً وصولی کی ایک شکایت درج کرائی۔ انسپکٹر جیڈی میٹلہ سی شنکر ریڈی نے بتایا کہ تینوں افراد کی موٹر سائیکلوں کے نمبرات کی بنیاد پر ان کا پتہ چلایا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران انہوں نے 3 افراد 38 سالہ جاوید اور 27 سالہ عاطف جو پیشہ سے رپورٹرس ہیں اور مقامی ٹی وی چیانل سے وابستہ ہیں اور 28 سالہ محسن کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ جبری وصولی کا ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا اور اس کے الزام میں دونوں رپورٹرس کو گرفتار کرتے ہوئے انہیں عدالت میں پیش کیا گیا۔