شراب کی دوکان کی قریب دو گروپوں میں تصادم بحث و تکرار کے بعد چاقو سے حملہ ‘ ایک نوجوان زخمی

حیدرآباد ۔ 23 ؍نومبر ( سیاست نیوز) کالے پتھر کے علاقہ تاڑبن چوراہے پر واقع ایک شراب کی دوکان کے قریب دو گروپس میں جھگڑے کے نتیجہ میں ایک نوجوان شدید زخمی ہوگیا ۔ ذرائع کے بموجب 28 سالہ محمد جاوید الیکٹریشن ساکن کشن باغ جو تاڑبن علاقہ میں واقع ایک شادی خانہ میں اپنے رشتے دار کی شادی میں شرکت کے بعدشراب نوشی کے لئے سی گاہ وائنس پہنچا ۔ یہاں پر سلیم نامی نوجوان سے حسن نگر کے ساکن چند نوجوانوں کے درمیان بحث و تکرار جاری تھی اور محمد جاوید نے اس جھگڑے میں مداخلت کر کے جھگڑے کی یکسوئی کی کوشش کی ۔ حسن نگر کے ساکن نوجوانوں نے اپنے مزید ساتھیوں شراب کی دوکان سے متصل کمرے (سٹینگ روم) طلب کرلیا اور جاوید کو سلیم کا ساتھی سمجھ کر اس پر چاقوں سے وار کر دیا ۔ اس حادثہ میں جاوید شدید زخمی ہوگیا اور اسے پولیس نے دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا ۔ حالت تشویشناک ہونے کے سبب اسے ایک کارپوریٹ دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں پر وہ زیر علاج ہے ۔ انسپکٹر کالا پتھر محمد واجد نے بتایا کہ اس سلسلہ میں اقدام قتل کا ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ملزمین کی گرفتاری کے لئے پولیس ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں ۔