شراب کیلئے دو بھائیوں میں جھگڑا ، ایک بھائی کا قتل

حیدرآباد /29 مئی ( سیاست نیوز ) شہر کے نواحی علاقہ الوال میں شراب کی خآطر ایک بھائی نے دوسرے بھائی کا قتل کردیا ۔ الوال پولیس ذرائع کے مطابق 42 سالہ روی کمار اپنے حقیقی بھائی سینو کے حملہ میں ہلاک ہوگیا ۔ بتایا جاتاہے کہ روی کمار جو کنٹونمنٹ بورڈ میں جاروب کش تھا ۔ 23 مئی کے دن اس کی والدہ کے یہاں پہونچا اور شراب نوشی کیلئے 50 روپئے مانگے ۔ اس دوران اس کا بھائی سینو آپہونچا اور اس نے بھی والدہ سے 100 روپئے مانگے ۔ اس دوران دونوں بھائیوں میں 50 اور 100 کی طلب کے مسئلہ پر بحث و تکرار ہوئی اور نوب ہاتھا پائی تک پہونچ گئی ۔ برہمی کے عالم میں سینو نے چاقو سے روی پر حملہ کرتے ہوئے اسے شدید زخمی کردیا ۔ جس کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران وہ فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔