شراب کو لوٹنے والی ٹولی گرفتار، مسروقہ رقم ضبط

حیدرآباد ۔ 2 فبروری (سیاست نیوز) ملکاجگیری پولیس نے لکر (شراب) کو لوٹنے والی ایک 7 رکنی ٹولی کو گرفتار کرلیا اور انکے قبضہ سے مسروقہ 73 لاکھ روپئے مالیتی لکر کو ضبط کرلیا۔ پولیس کمشنر راچہ کنڈہ مسٹر مہیش مرلی دھر بھگوت نے بتایا کہ اس ٹولی نے کل 75 لاکھ روپئے کی شراب پر مشتمل 950 کارٹون کا سرقہ کیا تھا۔ پولیس نے اس لاری کو بھی ضبط کرلیا جس میں یہ شراب منتقل کی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں 42 سالہ کے راکیش، 35 سالہ سمادیا، 42 سالہ منیر، 43 سالہ بی سنجیو، 39 سالہ روی کمار، 28 سالہ ناگیش، 28 سالہ ماجد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کو شکایت حاصل ہوئی تھی کہ 950 لکر کارٹون پر مشتمل لوڈ متعلقہ مقام پر نہیں پہنچا جو 21 جنوری کو پہنچنا تھا۔ اس ٹولی نے منصوبہ تیارکرتے ہوئے شراب کے بڑے ذخیرہ کو لوٹنے کا فیصلہ کیا اور اس میں کامیاب بھی رہے۔ تاہم پولیس نے بروقت چوکسی اختیار کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا۔