جامع مسجد ایر فورس میں مولانا حافظ محمد ذکی الدین راہی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 21 ۔ مئی : ( راست ) : شراب نوشی انسان کے لیے مضر اور اسلام میں یہ حرام ہے ۔ شراب جو ام الخبائث تمام برائیوں کی جڑ ہے حضور ﷺ نے فرمایا جو شخص شراب پیتا ہے اس کی چالیس دن کی نمازیں قبول نہیں ہوتی اگر وہ شراب پی کر مرتا ہے تو وہ جاہلیت کی موت مرتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا محمد ذکی الدین راہی حسامی نے جامع مسجد ایر فورس گوتم نگر بالا نگر میں منعقدہ مسلمانوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا نے کہا کہ حضرت عثمان غنیؓ نے شراب کی حرمت اور اس کی برائی کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ شراب سے بچو وہ تمام برائیوں کی جڑ ہے شراب سے اچھے برے کی تمیز ختم ہوجاتی ہے ۔ اس سے بچنے کی ضرورت ہے ۔ مولانا حسامی نے کہا کہ گویا شرابی زندگی حیوان سے بھی بدتر ہوتی ہے اس ایک گناہ کی وجہ سے کئی گناہ کا مرتکب ہوجاتا ہے ۔ انہوں نے حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حضرت عمر بن خطاب سے مروی ہے رسول اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا جو شخص اللہ پر اور آخرت پر ایمان رکھتا ہو اسے ضروری ہے کہ وہ ایسے دسترخوان پر نہ بیٹھے جہاں شراب نوشی کا دور چل رہا ہو ۔ حضرت عمر ؓ نے شرعی اعتبار سے شراب نوشی کرنے والے کے لیے اس پر یہ سزا متعین ہو کہ شرابی شخص پر کم از کم 80 کوڑے لگائے جائیں ۔ مولانا نے امت مسلمہ پر زور دیا کہ وہ شراب جوا سٹہ وغیرہ شیطانی کام سے نفرت کریں ۔ اس کے دینی و دنیوی مضرتوں کو پہنچانیں اور اس سے بچنے کی تلقین کی ۔ مولانا کی دعا پر اجتماع اختتام کو پہنچا ۔۔