حیدرآباد ۔ یکم فروری (سیاست نیوز) جی ایچ ایم سی انتخابات کے پیش نظر سٹی پولیس نے سیکوریٹی کے وسیع ترین انتظامات کئے ہیں اور دونوں شہروں میں تلاشی مہم میں شدت پیدا کردی۔ سلطان بازار پولیس کیبلیو کولٹ عملہ نے سٹی وائنس کوٹھی کے مالک مرلی دھر کو اس وقت رنگے ہاتھوں پکڑلیا جب وہ سلطان بازار علاقہ میں واقع میوزک سنٹر میں غیر قانونی طور پر شراب فروخت کر رہا تھا۔ پولیس نے اس کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔ اسی طرح پولیس نے بھرت سنگھ اور جادو نامی دو افراد کے قبضہ سے 20 لاکھ روپئے نقد رقم برآمد کرلئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ منو پٹیل کی ایماء پر وہ کسی سیاسی پارٹی کو یہ رقم حوالے کرنے والے تھے۔ اسی قسم کے ایک اور واقعہ میں عنبر پیٹ پولیس نے نقد رقم کی تقسیم کرنے والے ٹی آر ایس کارکن دنیش ساکن عنبرپیٹ کو اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ کانڈا سوامی لین میں نقد رقم اور عوام میں تقسیم کر رہا تھا ۔ پولیس نے انتخابات کے پیش نظر 25000 پولیس عملہ کو تعینات کیا ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے اسپیشل پارٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔