حیدرآباد ۔ 4 مئی ۔ ( سیاست نیوز) تکا رام گیٹ پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آئے ایک واقعہ میں بیوی نے اپنے رشتہ داروں کی مدد سے عادی شرابی شوہر کا قتل کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 35 سالہ راجو متوطن ورنگل نے 16 سال قبل رجیتا سے شادی کی تھی اور وہ چندرا شیکھر آزاد کالونی میں مقیم تھے جن کی دو لڑکیاں ہیں ۔ راجو آئے دن حالت نشہ میں بیوی کی پٹائی کیا کرتا تھا جس سے وہ عاجز آگئی تھی ۔ عادی شرابی شوہر کی ہراسانی کی شکایت اس نے اپنی بہن کمرماں اور بھائی سومیا سے کی‘ جس کے نتیجہ میں وہ راجو کی حرکت پر برہم ہوگئے اور آج اس کے مکان پہنچ کر شدید زدوکوب کیا جس کے نتیجہ میں وہ ہلاک ہوگیا ۔ تکار رام پیٹ پولیس نے اس سلسلہ میں قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے رجیتا اور اس کے بھائی و بہن کو حراست میں لے لیا ۔