حیدرآباد /21 مئی ( سیاست نیوز ) شرابی بیٹے کی بدسلوکی سے دلبرداشتہ ایک خاتون نے خودکشی کرلی ۔ راجندر نگر پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 55 سالہ خاتون یاداماں نے کل خودسوزی کرلی جس کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران وہ آج فوت ہوگئی ۔ پولیس کے مطابق حمایت ساگر علاقہ کے ساکن نرسمہا کی بیوی یاداماں نے گذشتہ روز اس کے بیٹے پرشانت کو ڈانٹ ڈپٹ کا نشانہ بنایا تھا ۔ پرشانت ہر روز نشہ کی حالت میں مکان پہونچتا تھا ۔ اس کی حرکت سے خاتون سخت ناراض تھی جس نے بیٹے کو شراب ترک کرنے کیلئے ڈانٹ ڈپٹ کی ۔ اس دوران بیٹے نے ماں کے ساتھ بدسلوکی کرتے ہوئے اسے برا بھلا کہا جس سے دلبرداشتہ خاتون نے خودسوزی کرلی ۔ راجندر نگر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔