شدید بارش کی پیش قیاسی، وزراء اور عہدیدار چوکس رہیں: چیف منسٹر

حیدرآباد۔/8جولائی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سرکاری مشنری کو آئندہ تین چار دنوں تک سخت چوکسی کی ہدایت دی ہے۔ ریاست میں شدید بارش سے متعلق محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے پس منظر میں یہ ہدایت دی گئی۔ چیف منسٹر نے چیف سکریٹری شیلندر کمار جوشی سے کہا ہے کہ وہ تمام متعلقہ عہدیداروں کی اپنے متعلقہ ڈیوٹی کے مقام پر موجودگی کو یقینی بنانے کیلئے ہدایات جاری کریں۔ چیف منسٹر نے تمام محکمہ جات کے درمیان بہتر تال میل کے ذریعہ ضروری اقدامات کی ہدایت دی ۔ چیف منسٹر نے وزراء کو پابند کیا کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں دستیاب رہیں اور وقفہ وقفہ سے صورتحال کا جائزہ لیں۔ ضرورت پڑنے پر امدادی کام انجام دیئے جائیں۔ اضلاع میں وزراکی موجودگی کی ضرورت کو محسوس کرکے چیف منسٹر نے9 جولائی کو طئے شدہ کابینی اجلاس ملتوی کردیا ہے۔ واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب تلنگانہ میں شدید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ گزشتہ دو دنوں سے ریاست کے کئی حصوں سے موسلادھار بارش کی اطلاعات ہیں۔ چیف منسٹر نے چیف سکریٹری کو مشورہ دیا کہ وہ سکریٹریٹ میں مستقل مانیٹرنگ سنٹر قائم کرکے بارش کی صورتحال پر نظر رکھیں۔ چیف سکریٹری نے تمام ضلع کلکٹرس کو چوکسی کی ہدایت دی ہے۔ ریاستی سطح پر نظم و نسق زائد بارش کے اضلاع کے عہدیداروں سے ربط میں رہے گا۔ ضرورت پڑنے پر حیدرآباد میں کنٹرول روم بھی قائم کیا جاسکتا ہے۔