شجرکاری میں رکاوٹ بننے والے غیر مجاز قبضہ کی برخواستگی کا مطالبہ

بودھن۔/8اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بودھن شہر میں تمام محکمہ جات کی طرف سے سرسبز وشاداب پروگرام کو کامیاب بنانے شہر کے چپہ چپہ میں پودے لگائے گئے اور ان پودوں کی حفاظت کیلئے ٹری گارڈس لگائے گئے لیکن قلب شہر میں واقع امبیڈکر چوراستہ پر موجود گرین بلٹ پر ایک نو قائم کردہ ڈپارٹمنٹل اسٹور کے مالک نے قبضہ کرتے ہوئے دکان تک پہنچنے کیلئے گرین بلٹ پر سڑک تعمیر کردیا شہر کے اہم مقام پر واقع گرین بلٹ کو تباہ کرتے ہوئے اس پر ناجائز قبضہ پر رکن بلدیہ حلقہ نمبر 7جناب میر نظیر علی ڈبو نے سخت احتجاج کیا اور انہوں نے ریاستی حکومت کی طرف سے چلائی جارہی درخت لگاؤ مہم پر کمشنر بلدیہ اور صدرنشین بلدیہ کی عدم توجہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کمشنر اور چیرمین پر حکومت کی جانب سے شروع کردہ اسکیمات پر عدم دلچسپی کا الزام عائد کیا۔ جناب ڈبو نے آر ڈی او بودھن مسٹر سدھاکر ریڈی سے مبینہ طور پر گرین بیلٹ پر کئے گئے ناجائز قبصہ کو برخواست کرتے ہوئے یہاں اس جگہ کی حصار بندی کرتے ہوئے پیڑ پودے لگانے کی خواہش کی اور گرین بیلٹ کی حفاظت میں ناکام عہدیداروں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔