پٹنہ 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے لوک سبھا حلقہ پٹنہ صاحب میں بی جے پی کے امیدوار شتروگھن سنہا کے خلاف آج نوجوانوں کے ایک گروپ نے سیاہ پرچم مظاہرہ کیا جن کی فلمسٹار سے سیاستداں بننے والے شترو کے حامیوں نے زبردست پٹائی کردی۔ چند نوجوانوں نے دعویٰ کیاکہ وہ ایک غیر سرکاری تنظیم ’لوک ہت وکاس منچ‘ کے ارکان ہیں، کارگل چوک کے قریب اُس وقت سیاہ پرچم لہرایا جب شتروگھن سنہا اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرنے کیلئے روانہ ہورہے تھے۔ سٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس جئے کانت نے کہاکہ یہ دھینگا مشتی اور دھکم پیل کا واقعہ تھا۔ شتروگھن سنہا نے اگرچہ اپنے ساتھ لگاتار دوسرے دن پیش آنے والے اس واقعہ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا
لیکن ان کے ساتھ موجود بی جے پی ارکان اسمبلی نتن نوین اور پریم رنجن نے واقعہ کو حریف سیاستدانوں کی کارستانی قرار دیا۔ نوین نے کہاکہ اکثر احتجاجی نوجوان تھے اور سیاہ پرچم لہرانے کی وجہ پوچھنے پر اُنھوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ پٹیل نے الزام عائد کیاکہ چند مظاہرین حالت نشہ میں تھے۔ گزشتہ روز شتروگھن سنہا کو پٹنہ صاحب سے نامزد کئے جانے کے بعد بی جے پی دفتر میں اُن کی آمد کے موقع پر نوجوانوں کے ایک گروپ نے احتجاجی مظاہرہ کیا تھا لیکن بی جے پی کارکنوں نے مظاہرین کو مار کر بھگادیا۔ کوتوالی پولیس کے اسٹیشن ہاؤز آفیسر آلوک کمار نے کہاکہ گزشتہ روز کے حملے کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ شکایت کنندگان نے اس حملے کے لئے شتروگھن سنہا اور ان کے حامیوں پر الزام عائد کیا ہے۔