شتروگھن سنہا میرے بڑے بھائی جیسے ہیں: کانگریس امیدوار کنال سنگھ

نئی دہلی۔/21مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے سینئر قائد شتروگھن سنہا کے خلاف پہلی بار انتخابات میدان میں اُترنے والے کانگریس امیدوار و بھوجپوری ایکٹر کنال سنگھ نے انتخابی مقابلے کو اسٹارس کی لڑائی سے تعبیر کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ اگر آپ ایسا کہیں تو بہتر ہوگا کہ یہ مقابلہ ’’ راجہ اور رنک‘‘ کے درمیان ہے۔ قبل ازیں کنال سنگھ کی جگہ پر راجکمار راجن کانگریس ٹکٹ پر مقابلہ کرنے والے تھے لیکن بالآخر کانگریس نے شتروگھن سنہا کے خلاف بھوجپوری ایکٹر کنال سنگھ کو ٹکٹ دے دیا۔ اس موقع پر کنال سنگھ نے کہاکہ شتروگھن سنہا میرے بڑے بھائی کی طرح ہیں تاہم میرا یہ خیال نہیں ہے کہ یہ مقابلہ دو اسٹارس کے درمیان ہونے والا مقابلہ ہے۔ میں کوئی اسٹار نہیں ہوں بلکہ سرزمین بہار کا بیٹا ہوں۔ میں یہیں پیدا ہوا، یہیں پلا بڑھا لہذا میں یہاں کے مقامی مسائل سے بخوبی واقف ہوں۔ پی ٹی آئی سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی۔

یہاں اس بات کا تذکرہ بھی دلچسپ ہوگا کہ کنال کا خاندانی پس منظر بھی سیاسی نوعیت کا ہے جہاں ان کے آنجہانی والد بودھا دیو سنگھ بختیار پور اور دانا پور سے ایم ایل اے تھے۔ یہ دونوں اسمبلی حلقہ پٹنہ صاحب اور پاٹلی پتر لوک سبھا حلقو ں کے حصے ہیں۔ جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ وہ شتروگھن سنہا جیسے بڑے اسٹار اور سیاستداں کا مقابلہ کیونکر کریں گے توانہوں نے کہا کہ انہیں مقابلہ کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ یہاں کے عوام انہیں بھی اپنا ایک حصہ تصور کرتے ہیں۔ آج کے ووٹرس عقلمند اور دانا ہیں اور وہ اسی امیدوار کا انتخاب کریں گے جو اُن کے ساتھ ہے اور ان کے مسائل سے واقف ہے۔ پٹنہ میں میرا مکان ہے اور میں ہر ماہ ایک ہفتہ اپنے مکان میں ہی قیام کرتا ہوں جہاں میں عوام سے ملاقات کرتا ہوں اور ان کے مسائل معلوم کرکے ان کی یکسوئی کی حتی الامکان کوشش کرتا ہوں۔ یہ میرا پہلا انتخابی مقابلہ ہے لہذا میں کوئی بلند بانگ دعوے نہیں کرنا چاہتا۔ البتہ عوام کے روز مرہ کے مسائل کی یکسوئی ضرور کروں گا۔