شا اور پنت کو درجہ بندی میں ترقی ،راہول کو نقصان

نئی دہلی۔15 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے نوجوان اسٹار پرتھوی شا اور رشبھ پنت نے ہندستان اور ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹسٹ میچوں کی سیریز کے بعد آج جاری آئی سی سی کی تازہ ٹسٹ رینکنگ میں زبردست ترقی حاصل کی ہے جبکہ کیریئر میں پہلی بار 10 وکٹ کی بہترین بولنگ کرنے والے فاسٹ بولر امیش یادو کو بھی فائدہ ملا ہے ۔ونڈیز کے خلاف سیریز میں مین آف دی سریز بنے نوجوان پرتھوی کا ویسٹ انڈیز کے خلاف 2-0 کی سیریز جیت میں اہم تعاون رہا ۔ وہ حیدرآباد ٹسٹ سے پہلے73 ویں مقام پر تھے لیکن دوسرے میچ میں70 اور ناٹ آؤٹ33 رنز کی اننگز سے انہیں13 مقام کی ترقی ملی اور وہ اب 60 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ پرتھوی نے راجکوٹ میں اپنے پہلے ٹسٹ میں سنچری بنائی تھی۔ ان کے علاوہ نوجوان وکٹ کیپر رشبھ پنت نے بھی اپنی کارکردگی سے درجہ بندی کو بہتر کیا ہے ۔ انہوں نے دونوں میچوں میں 92، 92 رنز کی بڑی اننگز کھیلی اور23 مقامات کی ترقی سے 62 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ دہلی کے بیٹسمین نے سریز کا آغاز111 ویں مقام کے ساتھ کیا تھا ۔ہندستانی ٹسٹ نائب کپتان اجنکیا رہانے چار مقام کی بہتری کے ساتھ18 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ دوسری طرف ٹسٹ بولنگ میں امیش یادو کو چار مقام کا فائدہ ہوا ہے اور وہ بھی25 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ اومیش ہندستان کے محض تیسرے فاسٹ بولر ہیں جنہوں نے گھریلو میدان پر ٹسٹ میچ میں10 وکٹ لئے ہیں۔ہندستانی کپتان ویراٹ کوہلی کی بھی سیریز میں شاندار کارکردگی رہی تھی اور وہ ٹسٹ میں اپنا پہلا مقام برقراررکھا ہے۔ ٹاپ10 ٹسٹ بیٹسمینوں میں دوسرے ہندوستانی چتیشور پجارا چھٹے نمبر پر ہیں جبکہ خراب فارم سے پریشان اوپنر لوکیش راہول کی درجہ بندی میں کمی آئی ہے اور وہ 23 ویں نمبر پر کھسک گئے ہیں۔ ٹسٹ بولنگ میں آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ اپنے چوتھے اور آف اسپنر روی چندرن اشون آٹھویں نمبر پر برقرار ہیں۔ وہیں امیش یادو کی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے جو25 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ سرفہرست ٹسٹ بولر انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن اپنی جگہ پر برقرار ہیں۔ جڈیجہ نے راجکوٹ ٹسٹ میں اپنے کیریئر کی پہلی ٹسٹ سنچری بنائی تھی۔حریف ٹیم ویسٹ انڈیز کے لئے کپتان جیسن ہولڈر کو ان کے کھیل کے لئے کی درجہ بندی میں فائدہ ہوا ہے ۔ انہوں نے دوسرے میچ میں56 رنز پر ہندستان کے پانچ وکٹ لئے تھے جس سے وہ کیریئر میں بہترین نویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ انہیں چارمقام کا فائدہ ملا ہے جبکہ سنچری سے انہیں بیٹنگ اور آل راؤنڈرکی درجہ بندی میں بھی بہتری ملی ہے ۔ہولڈر بیٹنگ میں 53 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ آل راؤنڈرز میں وہ جنوبی افریقہ کے ورنان فلینڈر کو پیچھے چھوڑ کر تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان کے لئے اظہر علی اور لیگ اسپنر یاسر شاہ کی ترقی ہوئی ، فاسٹ بولر محمد عباس کو تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ۔