ممبئی اور کولکتہ کی 12 رقاصائیں اور 12 افراد گرفتار
حیدرآباد ۔ /13 جولائی (سیاست نیوز) سائبر آباد پولیس نے آج شاہ میرپیٹ علاقہ میں واقع ایک پوٹری فارم پر منعقدہ ریو پارٹی پر دھاوا کرتے ہوئے وہاں پر موجود طلباء اور تاجرین کے علاوہ بیرون ریاست سے تعلق رکھنے والے رقاصاؤں گرفتار کرلیا ۔ انسپکٹر شاہ میرپیٹ مسٹر ٹی این بابجی نے بتایا کہ شاہ میرپیٹ علاقہ کے ترکا پلی ویلیج میں واقع پولٹری فارم میں ریو پارٹی منعقد کی گئی تھی جس میں کولکتہ ، ممبئی کے رقاصاؤں سے نیم عریاں رقص کرایا جارہا تھا اور اس ریو پارٹی کو رنجن نامی ایوینٹ منیجر نے منعقد کیا تھا ۔ یہ ریو پارٹی خفیہ طور پر منعقد کی گئی تھی جس میں رائچور سے تعلق رکھنے والے طلباء اور تاجرین بھی شامل تھے ۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر سائبرآباد پولیس نے پولٹری فارم پر دھاوا کرتے ہوئے 12 خواتین بشمول رقاصہ اور 12 اشخاص کو گرفتار کرلیا ۔ دھاوے میں پولیس نے 2.98 لاکھ نقد رقم ، 4 کاریں ، 12 موبائیل فونس اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ اس ریو پارٹی میں کثرت سے مئے نوشی کی جارہی تھی اور اس کے علاوہ رقاصاؤں کے ذریعہ نیم عریاں رقص کروایا جارہا تھا جس کی ویڈیو گرافی بھی کی گئی تھی ۔ پولیس نے 26 افراد کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی لیکن ریو پارٹی کو منعقد کرنے والا آرگنائزر رنجن پولیس کی چنگل سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار افراد کو مجسٹریٹ کے مکان پر پیش کیا گیا ہے اور انہیں کل جیل منتقل کیا جائے گا ۔ پولیس رنجن کو گرفتار کرنے کیلئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے اور اس کی گرفتاری کے بعد کئی انکشافات ہونے کی توقع ہے۔