حیدرآباد /2 اپریل ( سیاست نیوز ) شہر کے نواحی علاقہ شاہ میر پیٹ میں دیوار منہدم ہونے سے دو کمسن لڑکیاں ہلاک و دیگر دو زخمی ہوگئیں ۔ انسپکٹر شاہ میر پیٹ پولیس مسٹر بھاسکر ریڈی کے مطابق شاہ میر پیٹ حدود میں ایک دیوار جو کافی قدیم اور مخدوش تھی ۔ گذشتہ روز بارش کے سبب یہ دیوار بوسیدہ ہوگئی تھی ۔ اس دیوار کے سایہ میں چند لڑکیاں کھیل رہی تھیں کہ اچانک دیوار منہدم ہونے سے سات سالہ لڑکی تریشا اور 6 سالہ لڑکی جہانوی دیوار کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگئی ۔ جبکہ ان دونوں لڑکیوں کی بہنیں معمولی زخمی بتائی گئیں ہیں ۔ متوفی لڑکیوں کا تعلق قریب میں رہنے والے مزدور خاندانوں سے ہے ۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں غم کی لہر دوڑ گئی ۔پولیس شاہ میرپیٹ نے مقام حادثہ پہونچکر ضابطہ کی کارروائی کی اور مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔