ریاض ، 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سال 2014 کیلئے شاہ فیصل انٹرنیشنل پرائز کا اعلان کردیا گیا ہے۔ شاہ فیصل فاؤنڈیشن کے ایگزیکٹیو صدر شہزادہ خالد الفیصل نے انعامات جیتنے والوں کے ناموں کا علان کیا۔ سائنس (میاتھس) میں کنگ فیصل انعام جرمنی کے پروفیسر گرڈ فالٹنگز کو دیا گیا۔ وہ بون میں میکس پلینک انسٹیٹیوٹ میں شعبہ ریاضی کے ڈائریکٹر ہیں۔ انہوں نے الجبرا، جیومیٹری اور متعدد دیگر تھیوریز پر بے پناہ کام کیا ہے اور ایسے نئی تکنیک دریافت کئے جو اب جدید ریاضی میں مسلسل استعمال کی جارہی ہیں۔
میڈیسن میں کنگ فیصل بین الاقوامی انعام اس سال چین ؍ برطانیہ کے پروفیسر یوک منگ ڈینس لو کو دیا گیا۔ وہ لی کا شنگ انسٹیٹیوٹ برائے ہیلتھ سائنسز کے ڈائریکٹر ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ہانگ کانگ میں چینی یونیورسٹی اورپرنس آف ویلز ہاسپٹل میں میڈیسن کی فیکلٹی کے سربراہ بھی ہیں۔ انہوں نے خون میں سل کی دریافت میں بڑا کردار ادا کیا۔ عربی زبان اور ادب میں کنگ فیصل انعام عراق کے ڈاکٹر عبداللہ ابراہیم علوی البوسبا کو دیا گیا۔ وہ قطر میں دیوان امیر کے ثقافتی مشیر ہیں۔ انہوں نے جدید عربی ناول کے سلسلے میں بڑی خدمات پیش کیں جبکہ عربی میں انہیں مختلف معاملات کا عبور حاصل ہے۔ اسلامک اسٹڈیز میں کنگ فیصل انعام سعودی عرب کے پروفیسر عبدالوہاب ابراہیم ابو سلیمان کو دیا گیا۔ اسلام کیلئے خدمات پر یہ انعام اس سال نائیجیریا کے شیخ ڈاکٹر احمد ابو بکر لیمو کو دیا گیا۔ وہ اسلام ریلیف کمیشن آفس میںکونسل آف ٹرسٹیز کے چیئرمین ہیں۔ وہ ایک مشہور دانشور اور متقی اور پرہیزگار مسلمان ہیں۔ وہ دنیا بھر میں مختلف بین الاقوامی اسلامی تنظیموں کے رکن بھی ہیں۔