شاہ فہدکامپلکس میں قرآن مجید کا سواحلی ترجمہ مکمل

مدینہ منورہ ، 18 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مدینہ منورہ کے شاہ فہد قرآن مجید پرنٹنگ کمپلیکس نے کینیا اور تنزانیہ کی سرکاری زبان سواحلی میں قرآن مجید کا ترجمہ مکمل کر لیا ہے۔ میڈیا کے مطابق کینیا کے علاوہ یہ زبان یوگنڈا، کانگو اور مختلف افریقی ممالک میں بولی جاتی ہے۔ سواحیلی زبان دنیا بھر کے پچاس لاکھ افراد کی مادری زبان ہے جبکہ پانچ کروڑ افراد اسے بول اور سمجھ سکتے ہیں۔ کمپلیکس نے قرآن پاک کے 32 ایشیائی، 15 یورپی اور 16 افریقی زبانوں میں تراجم شائع کیے ہیں۔ 1984 میں شاہ فہد نے اس کا افتتاح کیا۔ یہاں ہر سال 90 کتب شائع کی جاتی ہیں جن میں قرآن پاک، احادیت کی کتابیں اور حضرت محمد کی سوانح حیات اور سیرت پر کتب شامل ہیں۔ کمپلیکس کی ویب سائٹ پر مختلف قرا کی آواز میں تلاوت، متن کی تلاش، ترجمے اور تفاسیر موجود ہیں۔ اسکے علاوہ ویب سائٹ پر قرآن پاک کے نادر مخطوطات کی تصاویر جاری کی گئی ہیں۔