حیدرآباد ۔ 10 ڈسمبر (سیاست نیوز) شاہ علی بنڈہ پولیس نے ریٹائرڈ اکسائز کانسٹیبل مرزا محبوب بیگ عرف ریاض قتل کیس میں ملوث چار افراد کو گرفتارکرلیا۔ انسپکٹر شاہ علی بنڈہ مسٹر ایس مہیشور نے بتایا کہ اراضی تنازعہ کے سبب محمود بیگ کا قتل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 1991ء میں شریف خان جو مقتول کے ہمزلف تھے، کا انتقال ہوگیا تھا جس کے سبب 300 مربع گز اراضی واقع ہمت پورہ خلوت متوفی کی اہلیہ رشیدہ بیگم کے نام مبینہ طور پر منتقل کردی گئی لیکن سال 1999ء میں رشیدہ بیگم کا بھی انتقال ہوگیا اور مذکورہ جائیداد کو رشیدہ کی بہن نذیرا بیگم اور بھائی جیلانی کے درمیان تقسیم کردی۔ اس تقسیم کو لیکر مرحوم شریف خان کے بھائی شیرخان اور دیگر رشتہ داروں کے درمیان مبینہ طو رپر تنازعہ پیدا ہوگیا۔ شیرخان نے جیلانی سے 200 مربع گز اراضی حاصل کرلی جبکہ نذیرا بیگم اور ان کے شوہر مرزا محمود بیگ جو سابق اکسائز کانسٹیبل تھے سے 100 گز مربع اراضی حاصل کرنے میں دشواریاں پیش آرہی تھی۔ انسپکٹر شاہ علی بنڈہ نے مزید بتایا کہ مقتول محمود بیگ کی اپنے حق کی اراضی شیرخان کے حوالے کرنے سے مبینہ انکار کردیا تھا جس کے سبب ان سے مخاصمت پیدا ہوگئی تھی۔ شیرخان کے بیٹے ممتاز خان اور دیگر کی جانب سے اراضی سے تخلیہ کیلئے مرزا محمود بیگ پر مسلسل دباؤ ڈالا جارہا تھا لیکن وہ ناکام رہے جس کے نتیجہ میں ان کا قتل کرنے کا ارادہ کرلیا۔ منصوبہ کے تحت 2 ڈسمبر کی شب شیرخان، ممتاز خان اور محمد نصیراحمد اور محمد معز نے محمود بیگ کو ان کے مکان سے بات کرنے کے بہانے بلا کر علاقہ شکرگنج میں مبینہ طور پر چاقو سے وار کرکے قتل کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ مذکورہ چار ملزمین کو آج گرفتار کرلیا گیا ہے اور انہیں عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا۔