شاہ سلمان کی یمن کیلئے 274 ملین ڈالر امداد

ریاض18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)یمن میں حوثی باغیوں کی سرکوبی کیلئے جاری مشن کی سربراہ ملک سعودی عرب نے جنگ زدہ ہمسایہ ملک میں امدادی کارروائیوں کیلئے 274 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔سعودی نیوز ایجنسی ’سعودی پریس ایجنسی‘ کا کہنا ہے کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے یمن میں جاری تنازعے کے لاکھوں متاثرین کی امداد کیلئے 274 ملین ڈالر کی امداد کا یہ اعلان اقوام متحدہ کی جانب سے اپیل کے جواب میں کیا گیا ہے۔اقوام متحدہ نے یمن میں جنگ کی شدت کے ساتھ ہی جمعہ کے روز اپیل جاری کی تھی یمن کے 74 لاکھ عوام کو اگلے تین ماہ تک تقریبا 275 ملین ڈالر امداد چاہئے جس کے لئے رکن ممالک حصہ لیں۔اقوام متحدہ کی انسانی بہبود کیلئے کام کرنے والی ایجنسی نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ تقریبا ڈیڑھ لاکھ سے زائد لوگ بے گھر ہوچکے ہیں۔ ایجنسی کے مطابق محکمہ صحت کے مطابق 19 مارچ سے 13 اپریل کے درمیان 767 ہلاکتیں رپورٹ ہوچکی ہیں جو کہ ایجنسی کے مطابق اصل تعداد سے کم ہے۔جنگ کی وجہ سے کم از کم پانچ ہسپتال، 15 سکول، یمن کے تین بڑے ائیرپورٹ، دو پل، دو فیکٹریاں اور چار مساجد سمیت متعدد مارکیٹین، پاور پلانٹ اور پانی کی سپلائی کی تنصیبات تباہ ہوگئی ہیں۔