ریاض،28دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیزسے ترک وزیر اعظم بن علی یلدرم نے ملاقات کی، القدس سمیت عالم اسلام کے اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔عرب ٹی وی کے مطابق دارالحکومت ریاض کے شاہی محل میں ایک گھنٹے تک جاری رہی ملاقات میں شاہ سلمان اور ترک وزیر اعظم نے دو طرفہ تعلقات اور اسکے فروغ کے علاوہ فلسطین، علاقائی مسائل اور عالم اسلام کے اتحاد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ساتھ ہی القدس اور فلسطینیوں کے حقوق کی پاسداری پر اتفاق کرنے کے ساتھ ا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں منظورکردہ قرارداد پر خوشی کا اظہار کیا گیا۔ ترک وزیر اعظم کی سعودی ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات متوقع ہے ۔
سعودی اتحادی فوج کے فضائی حملے، ایک ہی دن میں 68 شہری ہلاک
صنعاء ۔ 28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی قیادت والی اتحادی فوج کی جانب سے دو الگ الگ فضائی حملوں میں 68 یمنی شہری صرف ایک ہی دن میں ہلاک ہوگئے۔ یمن میں اقوام متحدہ کے ہیومانیٹرین کوآرڈینیٹر جمی میک گولڈرک نے یہ بات بتائی۔ پہلا فضائی حملہ تغز میں ایک بھیڑبھاڑ والی مشہور مارکٹ پر کیا گیا جس میں 54 شہری ہلاک ہوئے جن میں 8 بچے بھی شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والوں کی تعداد 32 بتائی گئی۔ دوسرا فضائی حملہ صوبہ بحراحمر کے حدیدا میں کیا گیا اور اس میں ایک ہی خاندان کے 14 افراد ہلاک ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ یمن میں اس نوعیت کے اندھادھند فضائی حملوں میں بے قصور اور معصور شہریوں کی ہلاکت نے انہیں جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے اور وہ ذہنی کرب میں مبتلاء ہیں۔