شاہ سلمان اور صدر ترکمنستان کی ملاقات، 9 معاہدوں پر دستخط

ریاض ۔ 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ترکمانستان کے صدر قربان قولی محمدوف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر شاہ سلمان نے مہمان شخصیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا مملکت کا دورہ دونوں برادر ملکوں اور عوام کے درمیان تعلقات کی گہرائی کا مظہر ہے۔ ہم ان تعلقات کو تمام شعبوں میں مضبوط دیکھنے کے خواہش مند ہیں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، تیل، گیس، توانائی، زراعت اور سیاحت کے شعبوں کے ساتھ ساتھ انسداد دہشت گردی اور شدت پسندی کے خاتمے کے لیے آپ کے ملک کے ساتھ بھرپور کوآرڈینیشن کے خواہاں ہیں۔ شاہ سلمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر آپ کے ملک کو حاصل ہونے والے سیاسی استحکام اور اقتصادی ترقی کو سراہنا چاہیں تو اس کے لیے ہمیں آپ کی غیرجانب داری ارو پڑوسی ممالک کے احترام سے متصف پالیسی کو خراج تحسین پیش کرنا ہوگا۔ ساتھ ہی ہم خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے آپ کے ملک کے موقف اور دیگر فیصلوں بالخصوص انسداد دہشت گردی کے لیے اسلامی فوجی اتحاد کے لیے حمایت کو سراہتے ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ شام کا بحران حل کرنے کے لیے بین الاقوامی کوششیں اور سلامتی کونسل کی قرارداد (2254) کے تحت کامیاب ہوں گی۔ اس کے علاوہ امید ہے کہ یمنی فریقوں کے درمیان بات چیت کے ذریعے خلیجی منصوبے، قومی مکالمے کے نتائج اور سلامتی کونسل کی قرارداد (2216) کے مطابق بحران کا حل سامنے آئے گا۔ مزید یہ کہ ہم ایران سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ خطے کے ممالک کے اندرونی امور میں مداخلت اور مسلح ملیشیاؤں اور جماعتوں کی تائید کو فوری طور پر روک دے”۔ دوسری جانب ترکمانستان کے صدر نے مملکت کے دورے پر اپنی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے اور ساتھ آئے وفد کے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر خادم حرمین شریفین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سعودی عرب اور جمہوریہ ترکمانستان کے درمیان مضبوط تعلقات کو باور کراتے ہوئے معیشت اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں مفید تعاون کا یقین دلایا۔