لاہور۔28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام ) پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کے اسپاٹ فکسنگ میں پی سی بی اینٹی کرپشن ٹریبیونل نے شاہ زیب حسن پر ایک سال کی پابندی اور 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔اینٹی کرپشن ٹریبیونل نے مختصر فیصلے میں شاہ زیب حسن کو پی سی بی کی جانب سے لگائے گئے چار میں سے تین الزامات پر سزا سنائی، شاہ زیب حسن مقدمہ کی اینٹی کرپشن ٹریبونل میں سماعت گزشتہ سال 21 اپریل سے شروع ہوئی اور اس کا فیصلہ 31 جنوری کو محفوظ کیا گیا تھا۔ انہیں 17 مارچ 2017 کو معطل کیا گیا، اس طرح ان پر ایک سالہ پابندی کی سزا 16 مارچ کو ختم ہو جائے گی۔پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی نے شاہ زیب حسن پر چار الزامات لگائے جن میں سے تین الزامات سٹہ باز سے رابطے ، کرکٹرز کو اکسانے اورسٹہ بازوں کے رابطے کی بورڈ کو اطلاع نہ دینے پر سزا دی گئی ہے جبکہ محمد عرفان سے رابطے کے چوتھے الزام پر سزا نہیں دی گئی، انہوں نے کہا کہ ٹربیونل کا ابھی مختصر فیصلہ آیا ہے تاہم تفصیلی فیصلہ کے بعد اس کے خلاف اپیل کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں فیصلہ کریں ۔شاہ زیب حسن کی سزا اگرچہ 16 یا 17 مارچ کو ختم ہو جائے گی تاہم انہیں جرمانہ بھی ادا کرنا ہو گا اور کرکٹ کے میدانوں میں واپسی کیلئے بحالی پروگرام سے گزرنا ہو گا۔واضح رہے کہ اسپاٹ فکسنگ مقدمہ میں شرجیل خان اور خالد لطیف کو معطل کیا جا چکا ہے جبکہ ناصر جمشید کو سہولت کاری کے الزام میں عبوری طور پر معطل کیا گیا تھا بعد ازاں محمد عرفان کو سٹہ بازوں سے رابطوں کی بروقت اطلاع نہ دینے پر پی سی بی ڈسپلنری پینل کی جانب سے معطل اور جرمانے کی سزا سنائی جو وہ مکمل کرچکے ہیں۔