شاہ رُخ کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری پرمودی حکومت کی روک

نئی دہلی۔ 23 فروری (سیاست ڈاٹ کام) جامعہ ملیہ اسلامیہ ’’بادشاہ خان‘‘ کے نام سے مقبول اپنے سابق طالب علم شاہ رخ خاں کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دینا چاہتی تھی اور اس کی تیاریاں بھی مکمل ہوچکی تھیں، لیکن مودی حکومت نے ایسا کرنے سے روک دیا۔ عالمی شہرت یافتہ تعلیمی ادارہ جامعہ ملیہ اسلامیہ نے اپنے سابق طالب علم اور بالی ووڈ کے سوپر اسٹار شاہ رخ خاں کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دینے کا فیصلہ کیا تھا لیکن مودی حکومت ایسا ہونے سے روک دیا جس کی وجہ یہ بتائی گئی کہ شاہ رخ کو ایسی ہی ڈگری مولانا آزاد یونیورسٹی سے مل چکی ہے۔ میڈیا خبروں کے مطابق جامعہ ملیہ اسلامیہ نے شاہ رخ کو اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری دینے کے لئے درخواست گزشتہ سال فروری میں دی تھی اور اسے مودی حکومت نے تین مہینے بعد ہی خارج کردیا تھا۔ اس بات کی اطلاع حق معلومات قانون کے تحت پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ملی ہے۔ جامعہ نے آر ٹی آئی کارکن کو واضح لفظوں میں لکھا کہ ’’جامعہ ملیہ اسلامیہ نے شاہ رخ خاں کو اعزازی ڈگری دینے کے لئے مرکزی وزارت برائے فروغ انسانی وسائل کو لکھا۔ ساتھ ہی جامعہ انتظامیہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزارت اس بات کے لئے تیار نہیں ہوئی کیونکہ ایسی ہی ڈگری 2016ء میں مولانا آزاد یونیورسٹی کی جانب سے شاہ رخ کو دی گئی تھی۔ انگریزی روزنامہ ’’انڈین ایکسپریس‘‘ میں شائع ایک خبر کے مطابق جامعہ ملیہ اسلامیہ کی جانب سے 30 جنوری 2018ء کو شاہ رخ کو ایک خط لکھا گیا اور اس میں کہا گیا کہ چونکہ شاہ رخ اس یونیورسٹی کے سب سے معروف سابق طالب علم رہے ہیں۔ اس وجہ سے رشتوں کو مضبوط کرنے کیلئے یونیورسٹی انہیں اعزازی ڈگری دینا چاہتی ہے۔