کولکتہ ۔30اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) حالیہ ریلیز فلم ’’ہپی نیوایئر‘‘ کی ریکارڈ کامیابی کے باوجود بالی ووڈ بادشاہ شاہ رخ خان مایوس ہیں لیکن ان کی یہ مایوسی بالی ووڈ سے تعلق نہیں رکھتی بلکہ اسپورٹس کے دلدادہ شاہ رخ خان کو افسوس ہے کہ وہ ہندوستان میں رواں انڈین سوپر لیگ فٹبال ٹورنمنٹ میں کولکتہ کی ٹیم حاصل نہیں کرپائے ہیں ۔ کولکتہ میں اپنی حالیہ ریلیز فلم کی کامیابی کے ضمن میں یہاں پہنچے شاہ رخ خان نے میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس بات کا افسوس ہے ‘ وہ یہ ہے کہ میں کولکتہ کی فٹبال ٹیم کو حاصل نہیں کرپایا ہوں ۔ اگر مجھے کولکتہ کی ٹیم نہیں ملی تو مجھے کسی دوسرے شہر کی ٹیم میں بھی دلچسپی نہیں ۔ شاہ رخ خان انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل ) میں کولکتہ ٹی ٹیم ’’نائیٹ رائیڈرس ‘‘ کے مالک بھی ہیں اور انہوں نے فٹبال ٹورنمنٹ کیلئے کولکتہ کی ٹیم حاصل کرنے کی کوشش کی تھی تاہم یہ ٹیم ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی کے ہمراہ تاجر ہرش وردھن نیوٹیا‘ سنجیو گوینکا‘ اڈسو پرکاش اور اسپینی کلب ایٹلیٹیکو میڈرڈ نے حاصل کیا ہے ۔ شاہ رخ خان نے کہا کہ دوسرے شہروں کی جانب سے انہیں پیشکش کی گئی تھی تاہم انہوں نے کولکتہ ٹیم کو ہی ترجیح دی تھی ۔