بھوبھنیشور ۔28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )ہاکی ورلڈ کپ 2018 کا رنگا رنگ تقریب کے ساتھ بھوبھنیشور میں افتتاح ہو گیا جہاں افتتاحی تقریب کو شاہ رخ خان، مادھوری ڈکشت اور اے آر رحمٰن نے اپنی شاندار مظاہروں سے یادگار بنایا۔ فیلڈ ہاکی کے 14ویں ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب اڑیسہ کے دارالحکومت بھوبھنیشور میں منعقد ہوئی جس میں ریاستی چیف منسٹر پٹنائیک نے ایونٹ کے آغازکا باقاعدہ اعلان کیا۔ اسٹیڈیم میں 10ہزار سے زائد شائقین کے سامنے ورلڈ کپ میں شریک تمام 16 ٹیموں کے کپتانوں کو طلب گیا اور پھر 1975کا ورلڈ کپ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس کے بعد فوجی ڈرونز کے لیزر شو نے شائقین پر سحر طاری کردیا اور پھر اسٹیج پر بالی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان جلوہ افروز ہوئے اور اپنی مشہور زمانہ فلم ’چک دے انڈیا‘ کے ڈائیلاگ ادا کئے۔ بالی وڈ کی مشہور ادکارہ مادھوری ڈکشت کا مظاہرہ دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا جنہوں نے تقریب کے دوران اسکول کے 800 بچوں کے ساتھ شاندار مظاہرہ کیا اورشائقین کے دل جیت لئے۔تین گھنٹے تک جاری رہنے والی افتتاحی تقریب کو آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار اے آر رحمٰن نے اپنے مشہور گیتوں پر شاندار کارکردی سے اختتام تک پہنچایا۔ انہوں نے ہاکی ورلڈ کپ 2018 کا آفیشل گانا بھی گایا جسے گلزار نے تحریر کیا اور اے آر رحمٰن نے اس کی موسیقی ترتیب دینے کے ساتھ ساتھ اسے اپنی آواز بھی دی۔