شاہ آباد /2 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دل صاف ہوں تو ملک بھی صاف ہونا ممکن ہے اور اگر خیالات ایک ہوں تو اتحاد بھی ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار رکن پارلیمان گلبرگہ ڈاکٹر ملیکا رجن کھرگے نے کیا۔ وہ سابق وزیر اعظم آنجہانی اندرا گاندھی کی برسی اور سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یوم پیدائش تقاریب کے ضمن میں ضلع گلبرگہ کانگریس دفتر کے زیر اہتمام منعقدہ قومی ایکتا دیوس پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے لئے جاں نثار کرنے والے مہان قائدین کو بعض پارٹیاں اپنا قائد بناکر قائدین کو بھی تقسیم کرنے کا کام کر رہی ہیں، جو قابل افسوس ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے اتحاد و یکجہتی کے لئے ہمیں 125 کروڑ عوام کے لئے کام کرنا ہوگا۔ گاندھی جی، اندرا گاندھی، راجیو گاندھی جیسے قائدین نے ملک کے لئے جان قربان کی ہے، لہذا ہمیں ان کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے آنے والی نسلوں کے لئے کام کرنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ نفرت و عداوت کی پالیسی ملک کے لئے نقصاندہ ہے، جب کہ اتحاد و یکجہتی میں ملک کی ترقی ہے۔ اس موقع پر ریاستی وزیر طبی تعلیم ڈاکٹر پرکاش پاٹل، ضلع گلبرگہ کانگریس صدر بھاگن گوڑا پاٹل، ڈاکٹر بی جے جولی، ضلع پنچایت صدر نتن وی گتہ دار، عالم خان کارپوریٹر، پرمود تیواری، بھیم ریڈی پاٹل کرکندہ، شرنو سمپت کے علاوہ دیگر پارٹی قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔