شاہی جامع مسجد ادونی کے 3مئی کو انتخابات ادونی /26 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دفتر شاہی جامع مسجد ادونی میں ایک پریس میٹ کا انعقا

شاہی جامع مسجد ادونی کے 3مئی کو انتخابات
ادونی /26 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دفتر شاہی جامع مسجد ادونی میں ایک پریس میٹ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ جس میں وقف انسپکٹر ادونی الطاف حسین نے بتایا کہ شاہی جامع مسجد کے انتخابات 3 ؍مئی بروز اتوار کو منعقد کئے گئے ہیں۔ جو صبح 8 ؍بجے سے لیکر دوپہر 1 ؍بجے تک، اور 2 ؍ بجے سے شام 5 ؍ بجے تک بمقام مسعودیہ عربک ہائی اسکول ادونی میں چلائے جائیں گے۔ اس انتخابات میں 27 امیدوار مسجد کی خدمت انجام دینے کیلئے اپنی تقدیر آزمارہے ہیں۔ مزید الطاف حسین نے کہا کہ ان 27 امیدواروں میں سے اکثریت کی بنا پر 5 امیدواروں کو منتخب کیا جائے گا۔ اس لحاظ سے رائے دہندگان کو 5 امیدواروں کو ووٹ ڈالنے ہونگے ۔ مزید انھوں نے کہا کہ مسجد کے انتخابات میں حصہ لینے والے رائے دہندگان کی تعداد 6413ہے اور جس کیلئے 7 پولنگ بوتھس کا انتظام کیا گیا ہے۔ ہر پولنگ بوتھ میں 1000ووٹرس رہینگے ۔ مزید انھوں نے کہا کہ پولیس سکیوریٹی کا معقول بندوبست رہے گا۔ پولنگ بوتھس میں ریوینو اور بلدی عہدیداران سے خدمات لی جائے گی۔7 ؍ مئی کو کامیابی حاصل کرنے والے امیدواروں کو ذمہ داری سونپی جائے گی۔