شاہی امام مولانا بخاری کے فیصلے سے بھائی کا اختلاف

نئی دہلی۔ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)کانگریس کو ’’انتہائی فرقہ پرست‘‘ قرار دیتے ہوئے شاہی امام جامع مسجد مولانا سید احمد بخاری کے چھوٹے بھائی سید یحییٰ بخاری نے حکمراں جماعت کی تائید کو غلط قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کانگریس پارٹی کی تائید کرنے مولانا سید احمد بخاری کے فیصلے کی مخالفت کرتے ہیں، اور اس کی وجہ آپ کسی بھی مسلمان سے دیانت داری کے ساتھ پوچھ سکتے ہیں۔ ان کا یہ یقین ہے کہ کانگریس پارٹی سب سے زیادہ ’’فرقہ پرست جماعت‘‘ ہے۔ مسلمان یہ کہتے ہیں کہ بی جے پی فرقہ پرست ہے۔ یقیناً یہ سچ ہے لیکن بی جے پی جب اقلیتوں پر حملہ کرتی ہے تو وہ سامنے سے کرتی ہے اور مسلمان خود کا بچاؤ کرسکتے ہیں لیکن کانگریس ہمیشہ پیٹھ میں چھرا گھونپتی ہے۔