شاہی امام احمد بخاری’’ کانگریس کے دلال‘‘: ایم جے اکبر

گوہاٹی۔ 3 اپریل(سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی جامع مسجد کے شاہی امام سید احمد بخاری اور صدر کانگریس سونیا گاندھی کے درمیان ہوئی ملاقات پر تنقید کرتے ہوئے بی جے پی کے ترجمان ایم جے اکبر نے آج کہا کہ سونیا گاندھی 19 ویں صدی کی سیاست کررہی ہیں جبکہ انہوں نے احمد بخاری کو کانگریس کا ’’مذہبی دلال‘‘قرار دیا۔ کانگریس پر زور دیا کہ وہ مسلمانوں کو صرف ایک شئے سمجھنا بند کردے ، براہ کرم دلالوں کی مدد سے اس شئے کو خریدنے کی کوشش ختم کردیں کیونکہ یہ دلال اپنا اعتبار کھو چکے ہیں۔ گزشتہ دس سال کے درمیان مسلمانوں کو کوئی روزگار نہیں ملا،

کوئی ترقی نہیں ہوئی ، روزگار کے بجائے مسلمانوں کے حق میں وہی گھسی پٹی پالیسیاں دہرائی جارہی ہیں ۔ کانگریس صرف مسلمانوں کو اپنی سڑی گلی سیاست کے ذریعہ جھانسہ دے رہی ہے ۔سابق کانگریس رکن پارلیمان ایم جے اکبر نے الزام عائد کیا کہ یو پی اے حکومت نے 90 اقلیتی غلبہ والے اضلاع کیلئے خصوصی ترقیاتی فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا ، لیکن گزشتہ تین سال کے دوران ایک پیسہ بھی خرچ نہیں کیا گیا۔