حیدرآباد۔27جون ( سیاست نیوز) شاہین پو یو کالج بیدر کے 80طلباء و طالبات کو جاریہ تعلیمی سال کے دوران میرٹ کی اساس پر کرناٹک کے میڈیکل کالجس میں داخلہ حاصل کیا ہے جبکہ 600سے زائد طلباء وطالبات میرٹ کی اساس پر انجنیئرنگ کورسیس میں داخلہ حاصل کیا ۔ ایم بی بی ایس کے لئے منتخبہ طالبات میں شفا بھی شامل ہیں جو حافظ قرآن ہیں ۔ جناب عبدالقدیر سکریٹری علامہ اقبال ایجوکیشنل سوسائٹی بیدر نے حیدرآباد میں ایک پریس کانفرنس میں یہ بات بتائی ۔انہوں نے بتایا کہ بیدر بہمنی سلطنت کا پایہ تخت رہا‘ یہ علوم و فنون کا گہوارہ سمجھا جاتا رہا ۔ آج 700برسپہلے محمود گاواں یونیورسٹی میں دنیا کے 25ممالک سے طلبہ سائنس‘ ٹکنالوجی ‘ ریاضی ‘ فلکیات اور دوسرے عصری علوم سیکھنے کے غرض سے آیا کرتے تھے ۔ الحمدللہ! شاہین ادارہ جات نے اسی عظمت رفتہ کے احیاء کی کامیاب کوشش کی ہے ۔ چنانچہ گذشتہ 12برس کے دوران شاہین پی یو کالج کے لگ بھگ 400سے زائد طلباء و طالبات جن کی اکثریت مسلم طلبہ کی ہے میرٹ کی اساس پر ایم بی بی ایس میں داخلہ حاصل کئے اور ان میں بیشتر ایم بی بی ایس کی تکمیل کے بعد ملک و بیرون ملک خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ جناب عبدالقدیر جو شاہین ادارہ جات کے منفرد پراجکٹ’’ حفاظ القرآن پلس ‘‘ کو کامیابی کے ساتھ متعارف کرچکے ہیں اور اس کورس کے نتائج شاندار نکل ہیں ۔ انہوں نے حفاظ کرام کیلئے عصری تعلیم کے حصول کو آسان بناتے ہوئے ایک انقلابی تحریک شروع کی ہیں جس کے دورس نتائج برآمد ہونے لگے ہیں ۔ حفظ القرآن پلس سے متعلق انہوں نے بتایا کہ 12 تا 15سال کی عمر کے حفاظ کرام کیلئے چار سالہ اینٹی گریٹیڈ کے ذریعہ حفاظ کرام ایم بی بی ایس ‘ انجنیئرنگ‘ بزنس مینجمنٹ دیگر پروفیشنل کورسیس‘ آئی آئی ٹی اینڈ ای ای ٹی کے مسابقتی امتحانات میں شرکت کرسکتے ہیں۔ حفاظ القرآن پلس نویں ‘ دسویں اور دو سالہ پری یونیورسٹی کورس پر مشتمل ہے جس میں ابتدائی چھ ماہ فاؤنڈیشن کورس میں طلبہ کو اردو انگلش ‘ کنڑا زبان پڑھنے لکھنے کے علاوہ نصاب کی بنیادی تعلیم دی جاتی ہے ۔ 6ماہ کے برج کورس میں دسویں جماعت کی تعلیم شروع کرنے کیلئے بنیادی سائنس ‘ ریاضی ‘ انگلش ‘ کنڑا زبانوں کے قواعد پڑھائے جاتے ہیں ۔ اس کے بعد ایک سالہ کورس میں سی بی ایس ای کے تحت دسویں جماعت کی تیاری کروائی جاتی ہے ۔ اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ طلبہ اعلیٰ نشانات کے ساتھ دسویں کامیاب کر کے پی یو سی کرسکے ۔ آخری مرحلہ میں دو سالہ کورس گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طلبہ کیلئے کروایا جاتا ہے جس کی تکمیل کے بعد وہ اعلیٰ تعلیم کے سلسلہ کو جاری رکھ سکتے ہیں ۔ جناب عبدالقدیر نے بتایا کہ حفظ القرآن پلس کورس کی سالانہ فیس معہ قیام و طعام 36ہزار روپئے ہے ۔ مستحق طلبہ کو خصوصی رعایت دی جاتی ہے جبکہ اصحاب خیر کی جانب سے ان کی کفالت بھی قبول کی جاسکتی ہے ۔ طالبات کیلئے بھی جماعت دہم کے بعد ایکسل آرٹس کورس کروایا جاتا ہے جو پی یو سی اور بی اے پر مشتمل ہے ۔ ایک پانچ سالہ کورس میں طالبات آرٹس کے ڈگری کے ساتھ ساتھ عالمہ کورس کی ڈگری بھی حاصل کرتے ہیں جبکہ بی ایس سی کی ڈگری اور عالمہ کورس کا ڈپلوما حاصل کرلیتی ہیں ۔ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے ڈگری کورس کے ساتھ بھی عالمہ کورس کی تکمیل کی جاتی ہے ۔ جناب عبدالقدیر نے بتایا کہ عصری اور اسلامیات پر مبنی اس کورس کی بدولت معاشرے میں بے راہ روی ‘ مذہب سے بیگانگی میں کمی کی توقع کی جاسکتی ہے کیونکہ شاہین ادارہ جات کی اکیڈیمک فیکلٹی نہ صرف تعلیمی میدان میں طلباء کو امتیازی نشان کے ساتھ کامیابی حاصل کرنے کا اہل بناتی ہے اس کے ساتھ ساتھ اس کی شخصیت و کردار سازی میں نمایاں رول ادا کرتی ہے ۔ والدین کی فرمانبرداری‘ حقوق ہمسائے گی‘ خوش اخلاق ‘ انسانیت نوازی ‘ باہمی احترام ‘ بڑوں کی عزت ‘ چھوٹوں پر شفقت ‘ وطن سے محبت ابتداء ہی سے سکھائی جاتی ہے جس کی بدولت یہاں کے فارغ التحصیل طلباء وطالبات ہندوستان کے کسی بھی حصہ میں اپنی انفرادی شناخت کے حامل نظر آتے ہیں ۔ چنانچہ اپنی اولاد کو نہ صف اپنا بلکہ ملک و قوم کی آنکھ کا تارا بنانے کیلئے انہیں عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ مذہبی تعلیم سے آراستہ کرنا ضروری ہے ۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ شاہین ادارہ جات کے دریعہ وہ اس فریضہ کی تکمیل کررہے ہیں ۔ مزید تفصیلات کیلئے 09341111560 پر ربط کیا جاسکتا ہے ۔