شاہین دوئم میزائل کا کامیاب تجربہ

اسلام آباد ۔ 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج جمعرات کو شاہین دوئم کہلانے والے اپنے ایک بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا، جو زمین سے زمین پر مار کرتے ہوئے ڈیڑھ ہزار میل کے فاصلے تک اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ پاکستانی فوج کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق ضرورت پڑنے پر اس میزائل پر روایتی ہتھیاروں کے علاوہ نیوکلیئر وار ہیڈز بھی نصب کیے جا سکتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ میزائل پاکستان کی اسٹریٹیجک ضروریات کو پورا کرتے ہوئے خطے میں استحکام کو یقینی بنانے میں بھی مدد دے گا۔ ساتھ ہی پاکستان نے آج جمعرات کو یہ اشارہ بھی دیا کہ وہ ہندوستان کے ساتھ امن مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ یہ بات ایسے وقت پر کہی گئی جب ہندوستان کے پارلیمانی الیکشن میں وزیر اعظم نریندر مودی کی جماعت دوبارہ کامیاب ہو چکی ہے۔