بھاگلپور ۔ 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے مشہور و معروف سلک ٹاؤن سے انتخابات میں جیت کی ہیٹ ٹرک پر نظر رکھنے والے بی جے پی کے مسلم امیدوار شاہنواز حسین کو اس بات کا یقین ہیکہ بی جے پی کو ایل جے پی کے ساتھ سیاسی اتحاد انہیں دلت ووٹس دلانے میں کامیاب ہوگا۔ آر جے ڈی کے شیلیش کمار، جے ڈی (یو) کے ابو قیصر اور بی ایس پی امیدوار نوشابہ خانم سے شاہنواز حسین کا راست مقابلہ ہے۔ یاد رہے کہ بھاگلپور کو اس کی سلک صنعت کیلئے جانا جاتا ہے۔ یہاں رائے دہندوں کی تعداد 19.14 لاکھ بتائی گئی ہے اور 24 اپریل کو ہونے والی رائے دہی کے ذریعہ 18 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر شاہنواز حسین نے
کہا کہ وہ تیسری بار اس حلقہ سے کامیابی کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال جے ڈی (یو) کے ساتھ سیاسی اتحاد کے خاتمہ کے بعد ایل جے پی کے ساتھ ہوئے سیاسی اتحاد نے گذشتہ سال کے نقصان کی بھرپائی کردی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی دلچسپ ہوگا کہ شاہنواز حسین اٹل بہاری واجپائی کابینہ کے سب سے نوجوان وزیر تھے۔ 2009ء میں انہوں نے آر جے ڈی کے شکونی چودھری کو 55,811 ووٹوں سے شکست دی تھی جبکہ 2006ء کے ضمنی انتخابات میں انہوں نے مسٹر چودھری کو ہی تقریباً 55 ہزار ووٹوں سے ہی ہرایا تھا۔ ضمنی انتخابات سشیل کمار مودی کے نائب وزیراعلیٰ بننے کے بعد استعفیٰ کی وجہ سے ناگزیر ہوگئے تھے۔ 2014ء میں شاہنواز حسین کو یقین ہیکہ مودی لہر انہیں تیسری بار بھی کامیابی دلائے گی اور اس طرح ان کی ہیٹ ٹرک کرنے کا خواب پورا ہوگا۔ 45 سالہ شاہنواز حسین نے میڈیا سے کہا کہ ملک میں مودی کی لہر ہے۔ عوام کانگریس کی ظالم حکومت سے بیزار ہیں اور اب کی بار عوام مرکز میں تبدیلی کیلئے ووٹ دیں گے۔