شاہراہوں کے کنارے درختوں کی کٹائی جاری

عہدہ داروں کی عدم دلچسپی ماحولیات کے لئے خطرہ
یلاریڈی 31 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شاہراہ سے گزرنے والوں کو گھنے درختوں کی ٹھنڈی چھاؤں میسر ہو، اس مقصد سے نظام حکومت کے دوران لگائے گئے برگد کے سیکڑوں درخت جو اب تک عوام کے لئے راحت کا سامان بنے ہوئے تھے، ان دنوں کچھ لالچی خود غرض افراد انھیں آگ لگاکر گرانے کا کام انجام دے رہے ہیں اور ان درختوں کی لکڑیاں راتوں رات غائب کردی جا رہی ہیں۔ علاوہ ازیں درختوں کو آگ لگانے سے ماحولیات پر بھی منفی اثر پڑسکتا ہے، تاہم اس سلسلے میں متعلقہ آر اینڈ بی محکمہ کے عہدہ دار اپنی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے درختوں کو تباہ کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ منڈل لنگم پیٹ کے لنگم پلی اور مستاپور مواضعات سے گزرنے والی کاما ریڈی۔ یلاریڈی شاہراہ پر دونوں جانب موجود برگد کے درخت روز بروز کم ہوتے جا رہے ہیں۔ 60 تا 70 سال قبل لگائے گئے ان درختوں کو آگ لگاکر تباہ کیا جا رہا ہے، جب کہ محکمہ آر اینڈ بی کے ذمہ دار خاطیوں کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے وہاں پہنچ کر ان درختوں کا ہراج کر رہے ہیں۔ آر اینڈ بی کے عہدہ داروں کو چاہئے کہ وہ ان درختوں کو بچائیں، ورنہ گرمی میں شدت پیدا کرنے کے وہ خود ذمہ دار ہوں گے۔
محبوب نگر میں آج درس تفسیر قرآن
محبوب نگر۔/31جنوری، ( ذریعہ فیاکس ) درس تفسیر قرآن مجید ہر اتوار کو بعد نماز مغرب تا عشاء بمقام مسجد رحمت نزد کلاک ٹاور محبوب نگر میں منعقد ہوگا۔ مولانا سید خواجہ معز الدین اشرفی درس قرآن دیں گے۔