شاہد آفریدی کا کھیل قابل ستائش: شعیب اختر

کراچی 10 ڈسمبر (پی ٹی آئی) پاکستان کے دو سابق کرکٹ کھلاڑیوں شعیب اختر اور محمد یوسف نے نیوزی لینڈ کے خلاف رواں ونڈے انٹرنیشنل سیریز کے پہلے میچ میں شاہد آفریدی کی بیاٹنگ کی ستائش کی اور اس تاثر کا اظہار کیاکہ آفریدی کو اپنی بڑھتی عمر کے باوجود اب بہر قیمت بہتر کھیل کا مظاہرہ کرنا ہی ہوگا۔ شعیب اختر نے کہاکہ ’’یہ دیکھتے ہوئے بہت خوشی ہوتی ہے کہ شاہد آفریدی 400 میچس کھیلنے کے باوجود عمر کے اس حصہ میں اپنے کھیل کو وقت کے مطابق بنارہے ہیں۔ یہ دیکھنا اچھا لگتا ہے کہ وہ (آفریدی) ورلڈکپ میں جگہ بنانے کے لئے رواں ونڈے میچوں میں بولنگ اور بیاٹنگ دونوں ہی محاذوں پر اپنی کارکردگی کے مظاہرہ کو اہمیت دے رہے ہیں‘‘۔ اُنھوں نے کہاکہ آفریدی چونکہ T-20 اسکواڈ کے کپتان بھی بنائے گئے ہیں چنانچہ ان پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اب مزید مستعدی کے ساتھ اپنے بہتر کھیل کا مظاہرہ کریں۔ اختر نے سلیکٹرس کو مشورہ دیا کہ وہ بولنگ محاذ کو مستحکم بنانے لگ اسپنر یاسر شاہ کو ونڈے انٹرنیشنل کیلئے روانہ کریں۔